خطے میں پائیدار امن کیلئے پاک بھارت مذاکرات کا تسلسل ناگزیر : نگران وزیر اعظم

خطے میں پائیدار امن کیلئے پاک بھارت مذاکرات کا تسلسل ناگزیر : نگران وزیر اعظم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (صباح نیوز) نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے خطے میں پائیدار امن و استحکام اور دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے پاک بھارت مذاکرات میں تسلسل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے بھارت کے ساتھ دو طرفہ احترام اور باہمی مفاد کی بنیاد پر تعلقات کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود سے ملاقات کے دوران کیا۔ بھارت میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر نے نگران وزیر اعظم کو تمام پہلوؤں سے پاک بھارت تعلقات کے بارے میں بریف کیا۔اس موقع پرنگران وزیر اعظم نے پُرامن اچھے پڑوسی کی ضرورت اور عزت و خود مختاری کے باہمی احترام کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ اسی بنیاد پر تعلقات میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تسلسل سے مذاکرات کے ذریعے دیرینہ تنازعات بشمول جموں وکشمیر کے پائیدار حل کو ممکن بناتے ہوئے جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی اس موقع پر موجود تھی۔علاوہ ازیں نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کو منگل کو ایوی ایشن ڈویژن کی ذمہ داریوں اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔نگران وزیراعظم نے پی آئی اے کے بارے میں پلان کی کامیابی کو یقینی بنانے کیلئے ٹائم فریم کے تعین اور جامع حکمت عملی وضح کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران پی آئی اے سے متعلق مختلف معاملات پر غور کیا گیا اور اس ادارے کی بحالی ، بزنس پلان بھی زیر غور آیا۔
نگران وزیراعظم

مزید :

علاقائی -