شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹنے والے ہیرا ڈکیت گینگ کے 2اندھے قتل میں ملوث 5ملزمان گرفتا ر

شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹنے والے ہیرا ڈکیت گینگ کے 2اندھے قتل میں ملوث ...

لاہور(کرائم رپورٹر)سی آ ئی اے سول لائن نے لاہور کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو گن پوائنٹ پر لوٹنے اور مزاحمت پر فائرنگ کر کے لوگوں کو زخمی کرنے والے ہیرا ڈکیت گینگ کے دو ملزمان شہزاد عرف ہیرا اور اورنگزیب عرف سنی کو گرفتار کر لیا جبکہ ہومی پولیس نے اندھے قتل کے3مقدمات میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ یہ بات ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید خرم علی شاہ نے پریس کانفر نس کے دوران بتائی ۔انہوں نے بتایا کہ ڈی ایس پی سی آئی اے سول لائن میاں شفقت علی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے ہیرا ڈکیت گینگ کے دو ملزمان شہزاد عرف ہیرا اور اورنگزیب عرف سنی کو گرفتار کر کے گن پوائنٹ پر چھینی گئی لاکھوں کی نقدی،طلائی زیورات ، موبائل فونز اور بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے مختلف علاقوں میں شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی کرنے سمیت 27مزیدسنگین وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔اسی طرح انچارج ہومی سائیڈیونٹ شاہدرہ سب انسپکٹر محمد اختر نے پیشہ ورانہ مہارت سے محمد افضل کے اندھے قتل کے ملزم عباس علی کو گرفتار کر لیا۔دوران تفتیش ملزم نے بتایا کہ اس کا دوست محمد افضل شاہدرہ میں گھرمیں اکیلا رہتاتھا،ایک رات اس نے افضل سے20ہزار روپے مانگے،جب افضل الماری سے پیسے نکال رہا تھاتو اس نے دیکھا کہ الماری میں پیسے کافی زیادہ ہیں جس پراس کی نیت خراب ہو گئی اور پاس پڑے ٹوکے کے وار کر کے محمد افضل کو ہلاک کر دیااور فرار ہو گیا۔ ہومی سائیڈ تھانہ شادباغ کے سب انسپکٹراحسان اللہ نے اندھے قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم علی رضا کو گرفتار کر لیا۔ملزم علی رضا اور اسکا بھانجا تنویربند روڈپر فیکٹری میں کام کرتے تھے ۔ملزم محمد علی نے تنویر کے ساتھ بداخلاقی کی کوشش کی،تنویر نے انکار کیا اور گھر جا کر شکایت لگانے کی دھمکی دی تو علی رضا نے تنویر کا گلا دبا کر قتل کر دیااور فرار ہو گیا۔انچارج ہومی سائیڈ تھانہ سول لائن سب انسپکٹر رضا اعوان نے اندھے قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزمان اللہ رکھا،محمد عظیم اور سجاد حسین کو گرفتار کر لیا۔ملزمان مقتول ناصر محمود کے دوست اور منشیات کے عادی ہیں ۔ بروز وقوعہ ملزمان نے مقتول کو نشہ پاؤڈر پلایا اور سر میں اینٹ کے وار کر کے قتل کر دیا۔ ملزمان اللہ رکھا اور سجاد حسین نے نعش اٹھا کر بالمقابل جنازگاہ لٹن روڈ پھینک دی اور فرار ہوگئے ۔ملزما ن سے مزید تفتیش جاری ہے۔

مزید : علاقائی


loading...