پاکستان ترکی سے اپنی مصنوعات کے تبادلے کا خواہاں ہے: ممنون حسین

پاکستان ترکی سے اپنی مصنوعات کے تبادلے کا خواہاں ہے: ممنون حسین

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کے ترکی کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات پر سیاسی نظام میں تبدیلی کا کوئی اثر نہیں پڑیگا، وقت کیساتھ ساتھ دونوں ممالک کے درمیان سیاست، دفاع، تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں تعلقات مزید بہترہونگے ، پاکستان اپنی مصنوعات کا ترک مصنوعات سے تبادلے کا خواہاں ہے ،ترکی کے شنگھائی تعاون تنظیم کا رکن بننے سے تنظیم کو بہت فائدہ ہو گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ دونوں ممالک کے درمیان خصوصی نوعیت کے اور انتہائی مضبوط تعلقات ہیں جو ورثہ، ثقافت اور مذہب کی بنیاد پر قائم ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ یہ تعلقات مزید بڑھیں گے، میرے خیال میں سیاسی نظام یا دنیا میں کسی بھی طرح کی تبدیلی کی وجہ سے ان پر اثر نہیں پڑے گا۔ صدر ممنون حسین نے ترکی کے حالیہ صدارتی انتخابات میں رجب طیب اردوان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور انہیں اپنا بھائی قرار دیا۔ انہوں نے ترکی کی جانب سے پاکستان نیوی کو بحری جہازوں کی فروخت کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان طویل عرصہ سے اس شعبہ میں تعاون قائم ہے اور دیگر شعبوں میں بھی قریبی تعاون کو فروغ دیں گے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...