پشاور دھماکے میں شہید ہونے والے ہارون احمد بلور کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے وزیرباغ میں ادا کی جائے گی
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لاٖئٖن) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنماء ہارون احمد بلور کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے آبائی علاقے وزیر باغ میں ادا کی جائے گی اور انہیں قبرستان وزیرآباد میں ہی سپردخاک کیا جائے گا۔
ہارون احمد بلور پشاور کے علاقے یکاتوت میں اے این پی کے زیر اہتمام کارنر میٹنگ میں شرکت کیلئے پہنچے تھے کہ لوگوں سے ملنے کے دوران ہی خودکش حملہ آور نے دھماکہ کر دیا جس کے نتیجے میں ہارون بلور سمیت 13 افراد شہید جبکہ 47سے زائد زخمی ہوگئے۔
زور دار دھماکے سے پورے علاقے میں افراتفری پھیل گئی ،دھماکے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ، پاک فوج کی ٹیمیں بھی جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔
اےاین پی کے رہنما میاں افتخار حسین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہارون احمد بلور کی نماز جنازہ آج شام 5 بجےآبائی علاقے وزیر باغ میں ادا کی جائے گی اور انہیں قبرستان وزیرباغ میں ہی دفنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بشر بلور بھی اسی طریقے سے ہم جدا ہوئےاور آج ان کے بیٹے بھی چلے گئے ۔ہارون بلور کی بڑی اہمیت تھی جو والد کی سیاست کو آگے لے کر جاررہاتھا ۔تحقیقات ہونی چاہئے کہ اس میں کون ملوث ہے تاکہ ہم اپنے دشمن کو پہچان سکیں ۔
انہوں نے کہا کہ شفاف الیکشن کا کیا مقصد ہے،نیکٹا کی رپورٹ میں کئی سیاستدانوں کوخطرے کی نشاندہی کی گئی،اس رپورٹ میں اسفند یا ر کا نام بھی تھا۔شاید اے این پی کو ایک بارپھر ٹارگٹ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن اس کے باوجود سیکورٹی فراہم کیوں نہیں کی گئی ۔