منی لانڈرنگ میں ملوث زرداری اور نواز کی وکٹیں ایک ’’بال ‘‘پر حاصل کروں گا:عمران خان
بشام(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی نے مل کر باریاں لیں اور فرینڈلی اپوزیشن کی تاہم زرداری پر بھی اب منی لانڈرنگ کا کیس کھل گیا ہے اورمیں تو بہت دیر سے انتظار کررہا ہوں ایک بال سے زرداری اور نواز کی وکٹیں لوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بشام میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عمران خان نے کہا کہ چوروں کے گاڈ فادر نواز شریف اور آصف زرداری آپس میں ملے ہوئے ہیں کیونکہ یہ مشکل میں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں جیسے نواز شریف انتخابی دھاندلی میں پھنسے تو آصف زرداری نے ان کی مدد کی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) والے نوازشریف اور مریم نواز کے استقبال کی تیاری ایسے کررہے ہیں جیسے باپ بیٹی ورلڈکپ جیت کرآرہے ہیں۔بشام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ باپ بیٹی کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ان کے راستے میں کھڑے ہوں گے کیونکہ قوم کا 300 ارب روپیہ چوری کرکے باہر لے کرگئے ہیں، نواز شریف عدالت میں کوئی ٹھوس ثبوت نہیں دے سکے جبکہ بوگس قطری خط کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ جیلوں میں جانے کے بجائے ڈاکو اسمبلیوں میں جاتے ہیں، ملک کو نقصان پہنچانے والے دندناتے پھررہے ہیں تو چھوٹے چوروں کو جیلوں میں کیوں رکھا ہے۔
عمران خان