موٹرویز پولیس عوامی شعور اجاگر کرنے میں موثر کردار ادا کرے، عامرذوالفقار
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس محمد عامر ذوالفقارکی زیر صدارت زونل افسران برائے تعلقات عامہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کراچی ، کوئٹہ ، لاہور ، پشاور ، اسلام آباد اور ٹریننگ کالج شیخوپورہ میں تعینات افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے اپنے اپنے زونزکی کار کر دگی بحوالہ ذرائع ابلاغ پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس محمد عامر ذوالفقار نے کہا کہ ذرائع ابلاغ دنیا بھر میں مختلف واقعات کے بارے میں عوام کو مکمل اور بروقت آگاہی فراہم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ لہذا افسران برائے تعلقات عامہ ذرائع ابلاغ کے ساتھ روابط کر مزید بڑھائیں تاکہ عوام الناس کی معاونت ، حفاظتی تدابیر کی آگاہی اور تعلیم و تربیت کا فروغ بہتر ہو ۔اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ موٹرویز پولیس عوام کی جان ومال کی حفاظت ، بہترین سفری سہولیات کی فراہمی اور شاہراؤں کو حادثات سے محفوظ بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ ہر قسم کی تفریق اور تعصب سے بالا تر قانون کا یکساں نفاذ ، رکاوٹوں سے پاک ٹریفک، جدید اور بروقت امدادی سہولیات کی فوری فراہمی موٹروے پولیس کا طرہ امیتازہے۔ زندگی کے ہر طبقے اور شعبے سے تعلق رکھنے والے خواتین اور حضرات میں قوانین کے مطابق محفوظ ڈرائیونگ کے شعور کو اجاگر کرنا اور حادثات سے پاک معاشرے کا فروغ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کا نصب العین ہے۔