پیپلز پارٹی عوام کی معاشی مشکلات کاخاتمہ کریگی،گلزاراعوان

پیپلز پارٹی عوام کی معاشی مشکلات کاخاتمہ کریگی،گلزاراعوان

راولپنڈی (جنرل رپورٹر) حلقہ این اے 61 سے قومی اسمبلی کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ عوام کی معاشی ، سماجی اور علاقائی پسماندگی کا خاتمہ پاکستان پیپلز پارٹی کے منشور سے ہی وابستہ ہے . عوام احتجاجی و تخریبی سیاست کرنے والوں سے اچھی طرح واقف ہیں اور ان لوگوں کی صداقت اور امانت بھی ووٹروں کو پتہ ہے جو پانچ سال تک اقتدار میں رہنے کے باوجود عوام کے مسائل حل نہیں کر سکے . میں کامیاب ہو کر خواتین کی بہبود کیلئے بے مثال کام کروں گا اور بے وسیلہ ، غریب اور نادار خواتین کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ ہنر سکھا کر انہیں نہ صرف اپنے پاؤں پر کھڑا کروں گا بلکہ وہ ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرنے کے قابل ہونگی . انہو ں نے یہ بات پشاور روڈ ، چوہڑ چوک ، مصریال روڈ ، گرجا اور دیگر علاقوں میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہی . حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ ایک جانب عدالتوں سے سزا یافتہ نام نہاد حکمرانوں نے سڑکوں اور گلیوں بازاروں میں قانون اور آئین کو مذاق بنایا ہوا ہے اور دوسری جانب اقتدار کی ہوس رکھنے والوں نے مفاد پرستوں کا میلہ لگا ہوا ہے . یہ سب اقتدار کی ہوس میں عوام کو سبز باغ دکھا رہے ہیں . انہو ں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے ملک کے دفاع ، عوام کی فلاح و بہبود اور جمہوریت کیلئے عملی قربانیاں دیں اور اس کی موجودہ قیادت اپنے شہید راہنماؤں کے ویژن اور خلوص سے پوری طرح لیس ہے .

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...