پاکستان کی عوام 13 جولائی کو اپنا فیصلہ سنا دیگی،حنیف عباسی

پاکستان کی عوام 13 جولائی کو اپنا فیصلہ سنا دیگی،حنیف عباسی

راولپنڈی( جنرل رپورٹر) مسلم لیگ ن کے رہنماء و امیداوار حلقہ این اے 60 محمد حنیف عباسی نے کہا ہے پاکستان کی عوام 13 جولائی کو اپنا فیصلہ سنا دے گی ۔ نواز شریف کی واپسی پر بھرپور استقبال کیا جائے گا۔ہم گرفتاریوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں ۔ لندن میں نواز شریف کے گھر پر پی ٹی آئی کارکنوں کا حملہ قابل مذمت ہے ۔ عمران خان ملک میں ایسی روایات نہ ڈالیں کہ جس سے وہ منہ دیکھانے کے قابل نہ رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ کے دورے کے موقع پرڈھوک کالا خان ،صادق آباد،شکریال کے علاقوں میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں بدامنی کا کلچر فروغ دینا چاہتے ہیں مسلم لیگ ن کے کارکنان اپنے قائد کا والہانہ استقبال کر کے ثابت کردینگے کہ نواز شریف کو عوام کے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا ۔ ن لیگ کے رہنماؤں پر اس سے قبل بھی مقدمات درج ہوتے ہیں ۔ہم پرامن لو گ ہیں ۔جس طرح کیپٹن صفدرکا راولپنڈی کی عوام نے بھرپور استقبال کیا تھا اس سے زیادہ نواز شریف کا استقبال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال عمران خان اور اس کے حواریوں نے ہمارے خلاف پروپیگنڈہ کیا تاکہ مسلم لیگ ن ملک کو ترقی نہ دے سکے نواز شریف نے دھرنوں اور لاک ڈاون کے باوجود بھی ملک میں ترقی دی ۔ملک سے اندھیرے ختم کئے ۔سی پیک بنا کر پاکستان میں ترقی کا راستہ کھول دیا ۔ آج نواز شریف کو صرف ان کارناموں کی وجہ سے سیاست سے دور کیا گیا ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...