راولپنڈی، 17 قومی ، 4صوبائی امیدواروں کوضابطہ اخلاق کے نوٹس جاری
راولپنڈی(جنرل رپورٹر):ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عمر جہانگیر نے ضلع راولپنڈی میں قومی اسمبلی کے 17اور صوبائی اسمبلی کے 4 امیدواران کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے ہیں اور ان کو ہدایت کی ہے کہ ایسا غیر قانونی تشہیری مواد 24گھنٹوں کے اندر ہٹایا جائے بصورت دیگر قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے جن امیدواران کوڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر عمر جہانگیر نے اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کئے گئے ہیں ان میں راجہ پرویز اشرف، چوہدری نثار علی خان، شیخ رشید احمد، حنیف عباسی ، ملک ابرار، دانیال چوہدری، جاوید اخلاص، راجہ قمر السلام، مولانا عبدالغفور توحیدی، غلام سرور، شبیر اعوان، راجہ جہانداد خان، امیر محمد کیانی، مہرین انور راجہ، چوہدری محمد عظیم، حنامنظور، مخدوم نیاز انقلابی، راجہ اشفاق سرور، ملک شکیل اعوان، فیاض الحسن چوہان اور ملک افتحار احمد شامل ہیں۔اظہار وجو ہ کے نوٹس تشہری مواد پر پرنٹر یا پبلشر کانام اور ایڈریس نہ ہونے پر جاری کئے گے ہیں۔ الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 234کے مطابق تشہیری مواد پر پرنٹر یا پھر پبلشر کا نام اور ایڈریس نہ ہوناخلاف قانون ہے۔ امیدواران کو کہا گیا ہے کہ وہ بتائیں کہ اس خلاف ورزی پر ان کا کیس الیکشن کمیشن آف پاکستان کودفعہ234کے تحت قانونی کاروائی کیلئے کیوں نہ بھیجا جائے۔