مردان ،عوامی شکایات پر سادہ لو ح عوام کو لوٹنے والے گروہ کے دو ارکان گرفتار
مردان(بیورورپورٹ) ڈپٹی کمشنر مردان محمد عثمان محسود نے سروس ڈیلیو ری سنٹر میں کمپیوٹرائزڈانتقالات کے نام پر سادہ لوح عوام کو لوٹنے والے ٹاؤٹس گروہ کے بارے میں عوامی شکایت پر گروپ کے دوارکان کو گرفتار کروادیا۔تفصیلات کے مطابق زنڈو ڈھیری کے افسر خان نامی شہری کی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں اُس نے شکایت کی کہ اُس سے انتقال کے لیے سروس ڈیلیوری سنٹر کے نام پر گروہ کے رکن جاوید نے ایک لاکھ 38ہزار روپے لیے ہیں اور ایک سال سے عرصہ گذرنے کے باوجود وہ دردر کی ٹھوکریں کھارہاہے اور اس کی شنوائی نہیں ہورہی جس پر ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر مردان عمران خان کو اس سلسلے میں انکوائری اور متعلقہ گروہ کے خلاف کاروائی کا حکم دیا ۔اے سی مردان نے متاثرہ شخص کا بیان لیا اور فوری طور پر کاروائی کرکے دوملزمان جاوید اور عماد کو دھر لیا اور ان کے قبضے سے 54 شناختی کارڈ اور چالان فارم برامد کرکے ان کو مزید کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا ۔دریں اثنا ء ڈپٹی کمشنر محمد عثمان محسود نے عوام سے کہا ہے کہ وہ کسی کو رشوت دینے کی بجائے فوری طور پر ڈی سی مردان کے دفتر میں شکایت درج کریں جس پر فوری کاروائی ہوگی ۔ادھر بزرگ شہری افسر خان نے اپنے مسئلے کے فوری حل کے لیے کاروائی پر ڈی سی مردان اور اے سی عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے ۔