نواز شریف کی آمد,ن لیگ کا داتا دربار سے ائیر پورٹ تک ریلی کا فیصلہ

نواز شریف کی آمد,ن لیگ کا داتا دربار سے ائیر پورٹ تک ریلی کا فیصلہ
نواز شریف کی آمد,ن لیگ کا داتا دربار سے ائیر پورٹ تک ریلی کا فیصلہ

  


لاہور (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن نے احتساب عدالت سے سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریاں شروع کردی ہیں ، جمعہ کے روز داتا دربار سے ایئر پورٹ تک ریلی نکالی جائے گی جس کی قیادت پارٹی کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کریں گے ، دوسری جانب نواز شریف اور مریم نواز نے لندن سے لاہور واپسی کے لئے ٹکٹیں بک کرالیں ، وہ نجی ایئر الئن کی پرواز 243سے جمعہ کی شام 6بجے لاہور ایئر پورٹ پر پہنچیں گے ۔

ادھر ن لیگ کے صدر شہباز شریف کی صدارت میں ماڈل ٹاؤن میں لاہور ڈویژن کے ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاش ہوا جس میں نواز شریف کی لاہور آمد پر استقبال کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ، اس موقع پر شہباز شریف نے کہا استقبال کیلئے ہر آئینی اور قانونی راستہ اپنائیں گے ، تمام ترجبر کے باوجود ن لیگ الیکشن میں اکثریتی جماعت بن کر ابھرے گی ، نواز شریف نے دلیرانہ فیصلہ کیا ، پنجاب بھر سے کارکن لاہور پہنچیں گے، ن لیگ کے شیروں کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا مگر گرفتاریوں سے بچپں ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کارکن پر امن طریقے سے لاہور ایئر پورٹ جائیں گے ، اگر کسی کو گرفتار کیا گیا تو برداشت نہیں کریں گے۔

اس موقع پر سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا نواز شریف کی واپسی ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ، سابق وفاقی وزیر خرم دستگیر نے کہا روکا گیا تو رکاوٹیں بنا دیں گے ، ن لیگ کے کارکن عوام کی حاکمیت چاہتے ہیں ، سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال نے کہا پر امن استقبال سے روکا گیا تو اور بھی راستے ہیں ، سابق وزیر طلال چودھری نے کہا نواز شریف خود سزا کے لئے آرہے ہیں ہم آئینی اور قانونی راستہ اختیار کریں گے، ن لیگ کے رہنما خواجہ عمران نذیر نے کہا اگر کارکنوں کو روکا گیا گیا تو دما دم مسٹ قلندر ہوگا ، شہباز شریف نے ہر ٹکٹ ہولڈر کو جمعہ کے روز 5، 5ہزار کارکن لے کر آنے کی ذمہ داری سونپ دی جبکہ لاہور کی سطح پر حمزہ شہباز کی سرپرستی میں استقبالی کمپٹی تشکیل دیدی گئی جس میں پرویز ملک ، خواجہ عمران نذیر ، میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید ، خواجہ سعد رفیق ، سردار ایاز صادق اور نصیر بھٹہ شامل ہیں۔

ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان ن لیگ مریم اورنگ زیب نے کہا نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی جمہوریت کے لئے نیک شگون ثابت ہوگی اور ملکی سیاست کا رُخ بدل جائے گا، 13جولائی کو سب ایک جگہ اکٹھے ہوں گے ، ریلی کی قیادت شہباز شریف کریں گے، استقبال کے لئے ایسا منظر ہوگا کہ لوگ خود بخود بڑی تعداد میں آئیں گے جبکہ عملی جامہ 25جولائی کو پہنا یا جائے گا۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور


loading...