پاکستانیوں نے ایک دم چیف جسٹس کے ڈیم فنڈ میں کتنی رقم جمع کرادی؟ انتہائی حیران کن خبرآگئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)کالاباغ ڈیم کی تعمیر پر اتفاق نہ ہونے پر چیف جسٹس آ ف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھاشا اور مہمند ڈیم فوری تعمیر کرنے کا حکم دیتے ہوئے عوام سے اس کیلئے عطیات دینے کی اپیل کی تھی اور رضاکارانہ طور پر خود بھی سب سے پہلے دس لاکھ روپے عطیہ کرنے کا اعلان کیا جس کے بعدباضابطہ طورپر اکاﺅنٹ کھلوا کر اس کا اکاﺅنٹ نمبر پبلک کردیاگیا۔ 9جولائی تک اس ڈیم فنڈ میں بمشکل ہی بارہ لاکھ روپے جمع ہوئے تھے لیکن گزشتہ روز پاک فوج اور مختلف دیگراداروں کی طرف سے رقم عطیہ کرنے کے اعلان کے بعدریکارڈ رقم جمع ہوگئی ۔
سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر دیے گئے اعدادوشمار کے مطابق سٹیٹ بینک میں کھلوائے گئے اکاﺅنٹ میں اب تک ساڑھے ننانوے لاکھ روپے جمع ہوچکے ہیں اورامکان ہے کہ آئندہ ماہ کے آغاز میں ہی مختلف محکموں اور اداروں کی طرف سے ملازمین کی ایک ، دو یا حسب اعلان تنخواہیں اسی اکاﺅنٹ میں منتقل کردی جائیں گی ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ آبی ماہرین کے مطابق ڈیم بنانے کے لیے یہ رقم ناکافی ہے ، ایک ڈیم بنانے کے لیے کم از کم 20 ارب ڈالر کی رقم درکار ہوگی، اس کیلئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور مخیر حضرات کو بھی اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔