تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،انتخابات پرشک کے سائے پڑے تو 25 جولائی کی شام شدید احتجاج ہوگا:شہبازشریف

تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،انتخابات پرشک کے سائے پڑے تو 25 جولائی کی ...
تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ،انتخابات پرشک کے سائے پڑے تو 25 جولائی کی شام شدید احتجاج ہوگا:شہبازشریف

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک فیصلہ احتساب عدالت نے دیا ہے جبکہ دوسرا فیصلہ عوام نے جمعہ کے روز ائیرپورٹ پر عوامی عدالت لگا کر دیناہے ،نوازشریف اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ قوم کی خدمت کیلئے آرہے ہیں،آمد پر تاریخی استقبال ہو گا اور میں خود لاکھوں لوگوں کیساتھ ائیر پورٹ جائوںگا ،کارکن پر امن رہ کر استقبال کریں گے اورایک لائٹ بھی نہیں توڑیں گے ،ملک میں سرسے پاؤں تک اربوں روپے کرپشن کرنے والوں کے نام نوشتہ دیوار ہیں لیکن سیاسی مصلحت کے تحت انہیں کٹہرے میں نہیں بلایاگیا،عمران خان گالی گلوچ اور معاشرے کو زہر آلودہ کرنے والا شخص ہے ،(ن) لیگ تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی جبکہ انتخابات کے بائیکاٹ کا کوئی ارادہ نہیں،انتخابات پرشک کے سائے پڑے تو 25 جولائی کی شام شدید احتجاج ہوگا،الیکشن میں چندروزرہ گئے ہیں،بلدیاتی نمایندوں کومعطل کرناجائزنہیں ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہناتھا کہپشاور میں افسوسناک واقعہ ہواہے جس میں 20افراد شہید ہوئے ان کا لہو کبھی رائیگاں نہیں جائے گا ،پاکستان کو ان شہدا کی قربانیوں کے عوض امن و سکون میسرہوا ۔ انہوں نے شہدا ئے پشاور کی روح کے ایصال ثواب کے لئے دعا بھی کی۔انہوں نے بلدیاتی نمائندوں سے کہا کہ آپ کو پچیس جولائی تک معطل کیا گیا ہے ،چھبیس جولائی کو آپ بحال ہو جائیں گے کیونکہ آپ عوامی نمائندے ہیں ،آپ کو معطل کرنے والے سمجھ رہے ہیں کہ اس اقدام سے (ن) لیگ کو نقصان ہو گا تو ایسا نہیں ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک فیصلہ نیب عدالت نے دیا دوسرا فیصلہ جمعہ کے بعد ائیرپورٹ پر عوامی عدالت لگا کر عوام نے دیناہے ،میری بھابھی زندگی اور موت کے کشمکش میں ہیں جب سے بیہوش ہوئیں وینٹی لیٹر پر ہیں ،نوازشریف اپنی اہلیہ کو لندن میں خدا حافظ کہہ کر پاکستان آرہے ہیں  ،نوازشریف دل کے عارضہ میں مبتلا ہیں ،یہ جانتے ہوئے بھی کہ والدہ سے بھی نہیں ملنے دیا جائے گا بلکہ سیدھا جیل بھیج دیں گے اس کے باوجود وہ پاکستان آرہے ہیں ،نوازشریف اپنی ذات کیلئے نہیں قوم کی خدمت کیلئے آرہے ہیں ، نوازشریف کی آمد پر پورا لاہور امڈ آئے گا،تاریخی استقبال ہو گا ،کارکن پر امن رہ کر استقبال کریں گے اور ایک لائٹ بھی نہیں توڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے فیصلے کے صفحہ 171میں صاف لکھا ہے کہ نوازشریف کے خلاف کرپشن پر کوئی ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا ،نواز شریف کو کرپشن سے بری قرار دیا گیا ہے ،لندن کے گھر کی ملکیت نوازشریف سے ثابت نہیں ہوتی،نوازشریف کے خلاف مفروضے کی بنیاد پر دس سال جبکہ انکی صاحبزادی کو مریم کو سات سال کی سزا سنادی گئی،کیا عوام نے اس سے پہلے اس طرح کاناانصافی کا فیصلہ سنا؟نیب عدالتوں میں کئی کیسز دس دس سال سے التواء کا شکار ہیں ، ملک میں سرسے پاؤں تک اربوں روپے کرپشن کرنے والوں کے نام نوشتہ دیوار ہیں لیکن سیاسی مصلحت کے تحت انہیں کٹہرے میں نہیں بلایاگیا ،نوازشریف کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کیاجارہاہے،عمران خان گالی گلوچ اور معاشرے کو زہر آلودہ کرنے والا شخص ہے،نوازشریف اور مریم نواز کو نیب عدالت نے ایک سو نو بار بلایا وہ پیش ہوئے، مسلم لیگ (ن) ناانصافی کے فیصلے کو رد کرتی ہے ،جمعہ کے روز ائیرپورٹ پر فیصلہ اپنا فیصلہ سنائیں گے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ خون پسینہ بہاکر اوردن رات محنت کرکے شفافیت سے بجلی لائے اور اس کی 70سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی ، جب پچیس جولائی کودوبارہ (ن) لیگ کی حکومت آئے گی توبجلی سستی ہوگی ،دوکانوں اور گھروں کا بل کم ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی اورنج لائن عوام کیلئے بنائی گئی اسے عمران خان نے رکوایا ،لاہور ہائیکورٹ میں سولہ مہینے کیسز چلے ،بڑے بڑے الزامات شہبازشریف پر لگائے کہ اربوں روپے کی کرپشن ہوئی ہے پھر اپیل میں جا کر تین سو صفحوں پر ایک دھیلے کی کرپشن کا ذکر ججز نے نہیں کیا،اورنج لائن منصوبہ چین سے لایا اس کے کتنے خوبصورت سٹیشنز ہیں ایسے منصوبوں کو پی ٹی آئی نے سیاست کا نشانہ بنایا ،پچیس جولائی کو لاہوری اورنج لائن کی مخالفت کرنے والوں کو مسترد کردیں ،ڈینگی پر جدوجہد کرکے اسے ختم کر دیا لیکن عمران خان ڈینگی کیلئے سردیوں کا انتظارکرتارہا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے دوران ہسپتالوں میں کام کیا ہسپتالوں میں مفت ادویات فراہم کی گئیں،ڈینگی آیا تو ہمیں ڈینگی برادران کا طعنہ دیاگیا لیکن جب خیبر پختوانخواہ میں ڈینگی نے حملہ کیا تو الزام خان خود پہاڑ پر چڑھ گیا اورڈینگی کو ختم نہیں کیا عوام کو ایسا وزیر اعظم چاہیے ؟۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، دھماکے نہ کرنے پر کلنٹن نے نوازشریف کو 5ارب ڈالر کی پیشکش کی لیکن نوازشریف نے پیشکش ٹھکراکر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا،نوازشریف نے کہا بھارت کے 5 کے مقابلے میں 6 ایٹمی دھماکے کریں گے ،ہم نے دھرنے نہیں دیئے مینار پاکستان پر پرامن احتجاج کیا تھا،نوازشریف کی قیادت میں ہم نے ہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے بنائے،دن رات محنت کی اور شفاف طریقے سے بجلی کے منصوبے مکمل کیے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ مفروضے کی بنیاد پرمیاں صاحب کو10سال کی سزاسنادی،الیکشن میں چندروزرہ گئے ہیں بلدیاتی نمایندوں کومعطل کرناجائزنہیں۔

مزید : قومی /الیکشن /پنجاب اسمبلی


loading...