کرسٹیانو رونالڈو کا اٹلی کے کلب یووینٹس سے معاہدہ طے پا گیا، یہ معاہدہ کتنے ارب روپے میں ہوا ہے؟ جان کر آپ سکتے میں آ جائیں گے
میڈرڈ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پرتگال فٹ بال ٹیم کے کپتان اور بین الاقوامی شہرت یافتہ سٹرائیکر کرسٹیانو رونالڈو نے اٹلی کے مشہور کلب یووینٹس سے معاہدہ کر لیا ہے۔ کرسٹیانو رونالڈو 9 سال بعد ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ سے اطالوی فٹ بال کلب یووینٹس منتقل ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں۔۔۔لاستھ ملنگا انٹرنیشنل کرکٹ سے کب ریٹائر ہو رہے ہیں؟ ایسی خبر آ گئی کہ ان کے چاہنے والے افسردہ ہو گئے، جان کر کرکٹ شائقین کیلئے یقین کرنا مشکل ہو جائے گا
اطلاعات کے مطابق دونوں کلبز کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت 33 سالہ رونالڈو 10 سال بعد 11 کروڑ 20 لاکھ یوروز (تقریباً 16 ارب ایک کروڑ 21 لاکھ 69 ہزار پاکستانی روپے) کے عوض یووینٹس کلب کی نمائندگی کریں گے۔اس ڈیل کے بعد رونالڈو فٹ بال کی تاریخ میں چوتھے مہنگے ترین فٹ بالر بن گئے ہیں۔ رونالڈو نے ریال میڈرڈ کی طرف سے کھیلتے ہوئے اسے چار چیمپیئنز لیگ ٹورنامنٹس میں کامیابی دلوائی تاہم ان کے تعلقات کلب کے صدر فلورینٹینو پیریز سے خوشگوار نہیں رہے۔
رونالڈو اطالوی فٹ بال کلب یووینٹس کی تاریخ میں سب سے مہنگے کھلاڑی ہیں۔ اس سے پہلے یہ اعزاز ارجنٹائن کے فارورڈ گونزالو ہیگوئن کے پاس تھا جسے خریدنے کیلئے اطالوی کلب نے75.3 ملین پاؤنڈ ادا کئے تھے۔
رونالڈو مانچسٹر یونائیٹڈ سے 2009ءمیں ریال میڈرڈ آئے اور کلب کیلئے سب سے زیادہ 451 گول کئے اس دوران انہوں نے پانچ بار دنیا کے سب سے بہترین کھلاڑی ہونے کا ایوارڈ ’بیلن ڈیور' بھی حاصل کیا جبکہ گزشتہ پانچ میں سے چار سیزن میں رونالڈو نے ریال میڈرڈ کو چیمپیئنز لیگ میں بھی کامیابی دلوائی۔
یورپ میں سب سے بہترین ٹیم ہونے کے باوجود اپنی مقامی لیگ میں ریال میڈرڈ کو بارسلونا کی طرف سے سخت مقابلے کا سامنا رہا ہے۔سپینش فٹ بال کلب ریال میڈرڈ نے رونالڈو کی یووینٹس کلب میں شمولیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹار فٹ بالر کی کلب کیلئے گراں قدر خدمات ہیں اور بلاشبہ وہ کلب کی تاریخ کے کامیاب ترین فٹ بالر ہیں اس لئے ہم انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
رونالڈو نے اپنے پیغام میں کہا کہ ریال میڈرڈ کلب حکام اور سپورٹنگ سٹاف نے کیریئر کے دوران میرا بہت ساتھ دیا، انہوں نے میرا دل جیت لیا ہے اور میں نے کلب کے ساتھ 9 شاندار سال گزارے جنہیں ہمیشہ یاد رکھوں گا اور میں سب کا مشکور رہوں گا۔33 سالہ رونالڈو نے 2009ءمیں 80 ملین پاﺅنڈ کے عوض مانچسٹر یونائیٹڈ سے ریال میڈرڈ کو جوائن کیا تھا اور انہوں نے 9 برس کے دوران کلب کی طرف سے 451 گولز کئے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔