یہی صورتحال رہی تو ملک جلد دیوالیہ ہو جائے گا۔ کنٹریکٹ اساتذہ کوکسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے،حافظ عبدالناصر
لاہور(لیڈی رپورٹر)کنٹریکٹ اساتذہ کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔کنٹریکٹ اساتذہ کی مستقلی تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور سرکاری سکولوں کی بلدیات کو حوالگی ہر صورت روکی جائے گی۔دیگراساتذہ تنظیموں کی مددسے27اگست کولاہور میں احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔اگر ضرورت پڑی تو تعلیمی بائیکاٹ کا آپشن بھی زیر غور آ سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہارپنجاب گورنمنٹ سکولز سینئر سٹاف ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر حافظ عبدالناصرنے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تفصیلات کے مطابق آج سینکڑوں مردوخواتین اساتذہ نے کنٹریکٹ سے مستقلی کے لئے پنجاب سول سیکرٹریٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اوربعد ازاں چار گھنٹے تک دھرنا دیا۔اس احتجاج کی کال پنجاب گورنمنٹ سکولز سینئر سٹاف ایسوسی ایشن نے کی تھی۔
احتجاجی مظاہرہ کی قیادت محمد صدیق گل،عبدالعزیز گجر،اختر محمود چیمہ،محمد افضل چدھڑاور تو قیر احمد بٹ نے کی۔احتجاجی مظاہرہ میں ینگ ہیڈز ایسوسی ایشن کے مرکزی عہدیداران نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔مظاہرہ میں پنجاب پبلک سروس کمیشن سے منتخب ہیڈ ماسٹرز، سبجیکٹ سپیشلسٹ اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔مظاہرین وقفہ وقفہ سے کنٹریکٹ سے مستقلی کے لئے نعرہ بازی کرتے رہے۔مظاہرین نے صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کے خلاف بھی نعرہ بازی کی اور کہا کہ سوائے ٹویٹ کرنے کے وہ کوئی بھی کام نہیں کرتے۔وہ تحریک انصاف کی حکومت سے انصاف کا تقاضا کررہے تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی کی روائتی سست روی کے باعث ہمارا یہ مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوسکا ہے۔خدانخواستہ کنٹریکٹ ملازمت کے دوران کسی حادثہ کی صورت میں اسے کوئی مالی فائدہ نہیں ملتا اور روزگار کا سلسلہ بند ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2012سے اب تک کنٹریکٹ پرکام کرنے والوں کو بھی مستقل نہ کیا جانا پریشان کن ہے۔ پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب کے سیکرٹری جنرل مرکزیہ اورپنجاب گورنمنٹ سکولزایسوسی ایشن آف کمپیوٹر ٹیچرز(پیکٹ)، پنجاب کے صوبائی صدر کاشف شہزاد چودھری نے اپنے درجنوں ساتھیوں شہزاد ندیم قیصر، پرویز اخترمہار، راو ظارق علی خان، محمد وسان، محمد سرور چودھری و دیگر کے ہمراہ اظہار ہمدردری کے لئے احتجاجی مظاہرہ میں شرکت کی۔انہوں نے ایس ایس اے کی قیادت کو اپنی مکمل اور غیر مشروط حمائت کا یقین دلایا اور کہا کہ تبدیلی حکومت کے دور میں تمام کیڈرز کے اساتذہ خوار ہو رہے ہیں۔اساتذہ کی ان سروس پروموشن، کمپیوٹر الاؤنس، مستقلی سمیت دیگر معملات عرصہ دراز سے تعطل کا شکار ہیں جنہیں حل کرنے میں محکمہ سکول ایجوکیشن اورصوبائی وزیر تعلیم مراد راس کو ئی دلچسپی نہیں ہے وہ صرف محکمہ سکول ایجوکیشن کو سوشل میڈیا پر چلا رہے ہیں۔آخر میں مظاہرین نے آدھ گھنٹہ تک سیکرٹریٹ کے سامنے والی سڑک بلاک کئے رکھی اورشرکاء پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔