چیئر مین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ادارے کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے ، فردوس عاشق اعوان

چیئر مین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ادارے کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے ، ...
چیئر مین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں ادارے کے ساتھ کھڑے نظر آئیں گے ، فردوس عاشق اعوان

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ اپوزیشن سینیٹ کو اپنے تابع رکھنا چاہتی ہے ، چیئر مین سینیٹ کے خلاف عدام اعتماد کی تحریک لے آئی ہے ، اس سے پہلے بجٹ میں بھی دیکھ چکی ہے ، ہم اپوزیشن کے اس اقدام میں کسی شخصیت کے ساتھ نہیں ادارے کے ساتھ کھڑے ہیں۔اپوزیشن اداروں کو اپنے تابع رکھنا چاہتی ہے ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سیاسی اداکاروں نے اداروں کو کمزور کرکے اپنے تابع کیاہے ، وہ چیئر مین جس کو یہ خود منتخب کرکے لیکر آئے ، اس چیئر مین سینیٹ نے کیا ان کی شان میں خلاف وزری کردی کہ آج ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جارہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ چیئر مین سینیٹ نے تمام قوانین کی پابندی کی اور نہیں کی تو ظل سبحانی کی خواہشات کی پیروی نہیں کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت قوم اس قسم کی محاذ آرائی کی متحمل نہیں ہوسکتی لیکن اب اپوزیشن جب پنجہ آزمائی کرنے کافیصلہ کرچکی ہے اور پہلے بجٹ میں بھی اپوزیشن نے دیکھ لیاہے ، ہم اب ادارے کے ساتھ کھڑ ے نظر آئیں گے اور سیاسی نادانوں کو باور کروائیں گے کہ ا س طرح اداروں پر لشکر کشی نہیں کی جاتی ۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے چیئر مین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی ہے اور اس میں بارویں کھلاڑی بھی شامل ہیں جو پارلیمنٹ سے باہر بیٹھ کر اس کوکمزور کرنا چاہتے ہیں، اس کی مذمت ہونی چاہئے ۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قوم نے اپنی ساکھ کوحاصل کرنے کیلئے بڑی جدوجہدکی ہے ، عمران خان کا دورہ امریکہ پاکستانی پارسپورٹ کی عزت میں اضافہ کرنے جارہاہے ، عمران خان کے دورے کی تصدیق ہونے کے بعد اپوزیشن کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے کسی وزیر اعظم کو یہ عزت نہیں ملی ہوگی، یہ پہلا موقع ہے کہ دنیا پاکستان کی امن کیلئے کی کوششوں کوتسلیم کرنے جارہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ آپ دنیا کویہ باور کرانے جارہے ہیں کہ ہر ایک کو آپ کا علاقے میں ایک اہم کردار تسلیم کرنا ہوگا ۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت دنیامیں ایک اہم ملک کی حیثیت اختتار کرچکاہے ۔ میں میڈیا سے توقع کرتی ہوں کہ عمران خان کے دورہ امریکہ کو ایک مثبت طریقے سے پیش کیا جائیگا ، عمران خان کا دورہ امریکہ ہمارے سبز پارسپورٹ کی عزت بحال کرانے میں ایک کلیدی کردار ادا کرے گا ۔

مزید : اہم خبریں /قومی