ہلاک ہونے والے 18 سالہ نوجوان کو کفن پہناتے ہوئے اس کی ماں کو اس کی آنکھ میں آنسو نظر آگئے اور پھر۔۔۔
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک نوجوان کی موت واقع ہو گئی اور جب اس کی لاش جلانے کے لیے تیار تھی تو اس کی ماں کو اس کی آنکھوں میں آنسو نظر آ گئے اور پھر لوگوں نے ایسا منظر دیکھا کہ ان کے لیے اپنی آنکھوں پر یقین کرنا مشکل ہو گیا۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کے گاﺅں پیلالامری کے رہائشی اس 18سالہ نوجوان کا نام گندھم کرن تھا جو ہیپاٹائٹس میں مبتلا تھا اور گزشتہ دنوں کوما میں چلا گیا۔ ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا جس پر ماں باپ اسے گھر لے آئے اور آخری رسومات کی تیاری شروع کر دی۔
جب گندھم کی لاش جلانے کے لیے تیار تھی تو اس کی ماں سیداما کو اپنے بیٹے کی آنکھوں میں آنسو نظر آ گئے جس پر اس نے لوگوں کو لاش اٹھا کر شمشان گھاٹ لیجانے سے روک دیا اور اپنے رشتہ داروں سے کہا کہ وہ فوری طور پر ڈاکٹر کو بلائیں۔ ڈاکٹر نے آ کر خاندان والوں کو بتایا کہ گندھم کی نبض اب بھی چل رہی ہے اور اسے فوراً ہسپتال لیجانا چاہیے۔ لڑکے کی ماں سیداما کا کہنا تھا کہ ”ڈاکٹر کے یہ کہنے پر ہم گندھم کو فوراً ہسپتال لے کر گئے جہاں اسے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا اور تین دن بعد وہ ہوش میں آ گیا۔“