صادق آباد ٹرین حادثہ ،جاں بحق افراد کی تعداد 21ہوگئی ،متعدد زخمی
صادق آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ولہار پھاٹک کے قریب اکبر ایکسپریس اور مال گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 21ہو گئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق صبح سوا چار بجے کے قریب لاہور سے آنے والی اکبر ایکسپریس ولہارسٹیشن پر موجود مال گاڑی سے جا ٹکرائی، حادثے میں اب تک 21 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 32 زخمی ہوئے،حادثے کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی ڈاکٹر حفیظ الرحمان اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی۔ ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ٹی ایچ کیو صادق آباد اور شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ڈی پی او عمر سلامت کے مطابق حادثے کے باعث4 بوگیاں متاثر اور 2 ٹریک سے اتر گئیں،اکبرایکسپریس حادثے کے بعد ٹرین آپریشن معطل کردیا گیا، بزنس ایکسپریس، کراچی ایکسپریس کو مختلف سٹیشنزپر روک لیا گیا، گرین لائن، رحمان بابا ٹرین کا سفر بھی تعطل کا شکار ہے،ڈپٹی کمشنرجمیل احمد اورڈی پی اوعمرسلامت ریسکیواینڈ ریلیف آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں، آپریشن میں ریسکیو1122 کی21 اور10 نجی ایمبولینس حصہ لیا،ڈپٹی کمشنرجمیل احمد جمیل نے بتایا کہ 32 زخمی مسافروں کوہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اپ اینڈ ڈاون دونوں ٹریک کو ٹرینوں کی آمدورفت کےلئے بند کر دیا گیا ہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ حادثہ صبح 4 بجے کے قریب پیش آیا ہے، ٹرین میں سوار بیشتر مسافر سو رہے تھے، گاڑی کو حادثہ کانٹا تبدیل نہ کرنے کی صورت میں پیش آیا ہے، اسٹیشن والے اپنی ڈیوٹی نہیں کر رہے تھے ورنہ جانی نقصان نہیں ہوتا۔عینی شاہدین نے مزید بتایا کہ ہمیں اپنی مدد آپ ہی بوگیوں سے نکلنا پڑا، حادثہ پیش آنے کے کافی دیر بعد ریسکیو ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تھی۔