بلاول کے ہاتھ میں استعفیٰ دو ں گا ، شیخ رشید
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہاہے کہ ہم تفتیش کررہے ہیں کہ یہ ٹرین کا حادثہ کیسے ہوا ، اس کی تحقیقات کریں گے اور ذمہ دار وں کوچھوڑیں گے نہیں،اگر میرے ضمیر پر کبھی بوجھ ہوا تو میں بلاول کے ہاتھ میں استعفیٰ دوں گا جس دن یہ مجھ سے مانگے گا ۔ دنیا نیوز کے پروگرام ”نقطہ نظر “میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم تفتیش کررہے ہیں کہ یہ ٹرین کا حادثہ کیسے ہوا ؟ اس کی تحقیقات کریں گے اور چھوڑیں گے نہیں، ان کا کہناتھا کہ اس معاملے پر عدالتی تحقیقات کی ضرورت نہیں ، ہمارا اپنا نظام اتنازبر دست ہے کہ ہم خود تحقیقات کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین حادثے کی تحقیقات کررہا ہوں ، ذمہ داروں کوچھوڑانہیں جائے گا ، تین سے چار روز سے حادثے کی رپورٹ جاری کردی جائیگی۔ ان کا کہناتھا کہ اس وقت کل 2800پھاٹک ہیں جن میں 1500سو پھاٹکوں پر کوئی ملازم موجود نہیں ہے ، اس مسئلے کا حل یہی ہے کہ نئے نظام میں جواپنایا جارہاہے ، پھاٹک ختم ہوجائیں گے اور اور برجز بنیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کے تمام 2800سے پھاٹک ختم کررہے ہیں،13ہزار پل بھی ختم ہوجائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی کمائی کو بہت زیادہ بڑھا لیاہے ، ہم نے پچھلے سال سے دس ارب زیادہ کمایا ہے ۔ بلاول بھٹوز رداری کے مستعفی ہونے کے مطالبے کے حوالے سے سوال پرشیخ رشید نے کہا کہ میں آٹھویں بار وزیر بناہوں اور اگر میرے ضمیر پر کبھی بوجھ ہوا تو میں بلاول کے ہاتھ میں استعفیٰ دوں گا جس دن یہ مجھے سے استعفیٰ مانگے گا ۔