لاہور کے علاقے بکر منڈی میں مذبح خانہ اور برف خانہ سیل،2400کلومضر صحت گوشت برآمد،مقدمہ درج

لاہور کے علاقے بکر منڈی میں مذبح خانہ اور برف خانہ سیل،2400کلومضر صحت گوشت ...
لاہور کے علاقے بکر منڈی میں مذبح خانہ اور برف خانہ سیل،2400کلومضر صحت گوشت برآمد،مقدمہ درج

  


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ویجیلینس اورمیٹ سیفٹی ٹیموں نے صحت دشمنوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے لاہور کے علاقے بکر منڈی میں مذبح خانہ اور برف خانہ سیل کر دیا جبکہ 2400کلومضر صحت گوشت قبضہ میں لیتے ہوئے بیمار اور لاغر جانوروں کا برآمد شدہ گوشت پیمکو بھٹی میں تلف کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی ویجیلینس اورمیٹ سیفٹی ٹیموں نے صحت دشمنوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے لاہوریوں کو مضر صحت گوشت کھانے سے بچالیا۔ لاہور کے علاقے بکر منڈی میں چیکنگ کے دوران کاکا پہلوان نامی سلاٹرہاؤس میں بیمار جانوروں کے گوشت کی موجودگی پائی گئی۔اسی طرح میٹ سیفٹی ٹیموں نے حاجی خلیل نامی برف خانے میں مردہ اور بیمار جانوروں کے گوشت پر کارروائی کی جہاں جعلی مہریں لگا کر مضر صحت گوشت فروخت کیلئے رکھا گیا تھا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہناتھا کہ پیمکو لیبلنگ کی بھی موقع پر تصدیق کروائی گئی جبکہ استعمال کی گئی مہر یں جعلی پائی گئیں۔پنجاب فوڈاتھارٹی کی ٹیموں نے مذبح خانہ اور برف خانہ سیل کرتے ہوئے 4 ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دیں۔ کیپٹن(ر) محمد عثمان کا  کہنا تھا کہ ناقص گوشت بیمار اور لاغر جانوروں کو ذبح کر کے تیار کیا گیا تھا ،بیمار جانوروں کا مضر صحت گوشت شہر کے مختلف علاقوں میں فروخت کیا جاتا تھا،برآمد شدہ مضر صحت گوشت یمکو بھٹی میں تلف کردیا گیا ہے،صحت مند اور معیاری گوشت کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور