بھارتی ایئر پورٹس پر جنگی جہازوں کی موجودگی، پاکستان نے بڑا قدم اٹھالیا

بھارتی ایئر پورٹس پر جنگی جہازوں کی موجودگی، پاکستان نے بڑا قدم اٹھالیا
بھارتی ایئر پورٹس پر جنگی جہازوں کی موجودگی، پاکستان نے بڑا قدم اٹھالیا

  


کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) نے بھارتی ایئر پورٹس پر 27 فروری کے بعد سے اب تک جنگی جہازوں کی موجودگی کے باعث بھارت کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں 26 جولائی تک توسیع کرتے ہوئے اوور فلائی پر پابندی کا نیا نوٹم جاری کر دیا۔

سی اے اے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود میں ٹرانزٹ اوور فلائی پر 12 جولائی تک پابندی عائدتھی جس میں توسیع کرتے ہوئے بھارت کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش میں 26 جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔ بھارتی طیارے اوور فلائی کی بندش کے بعد پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔

اعلامیے کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان کی مشرقی فضائی حدود 27 فروری سے بند ہے،پاکستانی فضائی حدود میں ٹرانزٹ اور اوور فلائی نئے حکم نامے تک بند رہے گی۔ترجمان سی اے اے نے بتایا کہ پاکستان کی فضائی حدود کی ایسٹرن ایئر سائیڈ بند اور ویسٹرن فضائی حدود میں آپریشن جاری ہے۔

خیال رہے کہ فروری 2019 میں ہونے والی کشیدگی کے بعد پاکستان نے بھارت کیلئے اپنی فضائی حدود بند کردی تھی جس کے باعث بھارتی فضائی کمپنیوں کو روزانہ کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

جمعرات کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کے اجلاس کے دوران ڈی جی سول ایوی ایشن نے بتایا تھا کہ بھارت نے پاکستان سے فضائی حدود کھولنے کی درخواست کی ہے لیکن بھارتی ایئر پورٹس پر ابھی تک لڑاکا طیارے موجود ہیں، پاکستان کی فضائی حدود بھارت کیلئے اس وقت تک نہیں کھولی جائے گی جب تک ایئر پورٹس سے لڑاکا طیارے ہٹانہیں لیے جاتے۔

مزید : قومی