وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے لاہور پریس کلب کے عہدیداروں کی ملاقات ، سالانہ گرانٹ 50 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑکرنے اور ہیلتھ کارڈکے اجرا کا اعلان

وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے لاہور پریس کلب کے عہدیداروں کی ملاقات ، سالانہ ...
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سے لاہور پریس کلب کے عہدیداروں کی ملاقات ، سالانہ گرانٹ 50 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑکرنے اور ہیلتھ کارڈکے اجرا کا اعلان

  


لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے لاہور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ 50 لاکھ سے بڑھا کر 2 کروڑ روپے کر دی اور جرنلسٹ کالونی کے مکینوں کے ذمہ واجب الادا ماہانہ واجبات کے تقریبا ایک کروڑ 20 لاکھ روپے ختم کرنے اورلاہور پریس کلب کے ارکان کیلئے ہیلتھ کارڈجاری کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

وزیر اعلی سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں لاہور پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں اور گورننگ باڈی کے ارکان نے ملاقات کی ۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے پریس کلب کے عہدیداروں کے مطالبات منظور کرتے ہوئے انہیں جلد عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ۔  وزیر اعلی نے ایف بلاک کی ڈویلپمنٹ اور فیز ٹو کے امور جلد ازجلد حل کرنے اور بورڈ ز آف ڈائریکٹر زاور منتخب مینجمنٹ کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا۔

سردار عثمان بزدار  نے کہا کہ جرنلسٹ کالونی ہربنس پورہ میں کمرشل ایریا کی تعمیر، پبلک پارک کا قیام، 30 بیڈ کے ہسپتال اور سکول کے قیام کیلئے کارروائی عمل میں لائی جائے۔  وزیر اعلی نے سیوریج اور واٹر سپلائی کا نظام واسا کے سپرد کرنے اور بجلی کا نظام لیسکو کے سپرد کرنے کیلئے کارروائی کی ہدایت بھی کردی۔وزیر اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو صحافی کالونی میں ناجائز قابضین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے ،  اراضی کا پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے حق میں انتقال کرنے کیلئے کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا۔

لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئر نائب صدر ذوالفقار علی مہتو، جنرل سیکرٹری زاہد عابد، شاہد چوہدری اور دیگر عہدیداروں نے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کیلئے وزیر اعلی کے جذبات قابل قدر ہیں ، وہ  لاہور ہی نہیں بلکہ پورے پنجاب کے صحافیوں کیلئے امید کی روشن کرن ہیں ، انہوں نے تمام مطالبات تسلیم کر کے صحافیوں کے دل جیت لئے ہیں۔

وزیر اعلی عثمان بزدار نے صحافیوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کے تمام دوست ہمارے لئے قابل احترام ہیں، مثبت صحافت کے ذریعے عوام کے مسائل کی نشاندہی کرنے والے صحافی قابل قدر ہیں، ہم صحافیوں سے پیار کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

 تقریب سے صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام علی بخاری نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری ٹو سی ایم،  سیکرٹری انفارمیشن، ڈی جی پی آر،کمشنر، ڈی سی لاہور، ڈی جی ایل ڈی اے، پولیس سمیت دیگر اداروں کے  حکام بھی موجود تھے۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور