ڈی آئی جی آپریشنز کی ایس پیز کومویشی منڈیوں کا دورہ کرنے کی ہدایت

ڈی آئی جی آپریشنز کی ایس پیز کومویشی منڈیوں کا دورہ کرنے کی ہدایت

  

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے کہا ہے کہ ایس پیز عیدالاضحی کیلئے لگنے والی مویشی منڈیوں کا دورہ کریں اور بیوپاریوں کو نوسربازوں و جرائم پیشہ افراد سے محفوظ رکھنے کیلئے مربوط لائحہ عمل اپنائیں۔محرم الحرام سے قبل امام بارگاہوں، جلوسوں کے روٹ،فلیش پوائنٹس اور ٹربل سپاٹس کابھی دورہ کریں۔محرم الحرام کو پرْ امن بنانے کیلئے مجالس و جلوسوں کے لائسنس ہولڈرز اورمذہبی قائدین سے ابھی سے رابطہ کریں۔قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کاروائی کریں، کسی بھی معاملہ میں پولیس پارٹی نہ بنے۔ پتنگ بازی میں اموات کے پیش نظر قانون میں ترمیم اور سزائیں سخت بنانے کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز اپنے دفتر میں ڈویژنل ایس پیز کے منعقدہ اہم اجلاس کے دوران کیا۔ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد، ایس پی ہیڈ کوارٹرزجمیل ظفر،ایس پی ڈولفن سکواڈراشد ہدایت، ایس پی وی وی آئی پی سکیورٹی ابرار احمد خلیل سمیت تمام ڈویژنل ایس پیزنے اجلاس میں شرکت کی۔

ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے کہا کہ شہر کا امن، لاء اینڈ آرڈر اورلوگوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔جرائم کی سرکوبی کیلئے ایس پیز اپنے انتظامی وسپروائزری کردار کو مزید موثر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیننٹ(Tennant) رجسٹریشن سسٹم کے تحت ملازمین، کرایہ داروں کی رجسٹریشن بڑھائیں جبکہ ہوٹل آئی اور ٹریول آئی ایپ کے تحت مسافروں کی رجسٹریشن یقینی بنائیں۔اشفاق خان نے کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر مقررہ پوائنٹس کے علاوہ شہر میں مویشیوں کی خریدوفروخت پر پابندی یقینی بنائیں۔ لوگوں میں احساس تحفظ پیدا کرنے کیلئے اچانک ناکے لگائیں اورموثر پٹرولنگ کریں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ کسی بھی سطح پر کرپشن ہرگز برداشت نہیں،بد نیت افسر سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تھانوں اور فرنٹ ڈیسک کی ورکنگ بہتر بنائیں،سی سی ٹی وی کیمرے فنکشنل رکھیں جائیں۔ اشفاق خان نے کہا کہ فنانشل کرائم میں مقدمات کے اندراج کیلئے مقررہ ایس او پیز پوری جبکہ بچوں سے بداخلاقی اوردیگر جرائم میں 15کی مصدقہ کالز پرفوری مقدمہ درج کریں۔انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل چوری،رابری،ڈکیتی کی وارداتوں کے تدارک کیلئے مربوط حکمت عملی اپنائیں۔ اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے تھانوں میں تشکیل کردہ خصوصی ٹیمیں کارکردگی بہتر بنائیں۔اشفاق خان نے مزید کہا کہ لوکل اینڈ سپیشل لاز کے تحت کارکردگی میں بہتری لائیں۔سلیکٹڈ ہاٹ سپاٹ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کیلئے بھرپور اقدامات جاری رکھیں۔

مزید :

علاقائی -