اینٹی کرپشن کی کارروائیاں، 7روز میں 4ارب سے زائد کی سرکاری اراضی واگزار
لاہور(کرائم رپورٹر)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے رواں ہفتہ کے دوران ناجائز قابضین کے خلاف آپریشن کر کے اب تک 4 ارب 46کروڑ50لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 5869کنال 06مرلے سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروالی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن ساہیوال ریجن نے رواں ہفتہ کے دوران ایک ارب94کروڑ 72لاکھ روپے مالیت کی 2726 کنال 3 مرلے سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروائی۔ڈیرہ غازی خان ریجن نے 60 کروڑ 44 لاکھ روپے مالیت کی 1573 کنال 3مرلے اور راولپنڈی ریجن نے ایک ارب 53کروڑ روپے مالیت کی51کنال 16مرلے انتہائی قیمتی سرکاری اراضی واگزار کروائی۔قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن کے دوران راواں ہفتے فیصل آباد میں 71کنال 19مرلے سرکاری اراضی مالیتی ایک کروڑ 50لاکھ روپے ناجائز قابضین سے واگزار کروائی گئی اسی طرح ملتان میں 26کروڑ 64لاکھ روپے مالیت کی 1183کنال 8 مرلے، گوجرانوالہ میں ایک کروڑ مالیت کی 44 کنال 4 مرلے، سرگودھا میں 65 لاکھ روپے کی 47 کنال، بہاولپور میں رواں ہفتے 2کروڑ 85 لاکھ روپے کی 152 کنال سرکاری اراضی واگزار کروائی گئی۔لاہور میں اینٹی کرپشن ریجن اے نے 2 کروڑ مالیت کی 11مرلے اور ریجن بی نے3کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی 19کنال 2 مرلے سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کروائی۔قبضہ مافیا کے خلاف جاری اس آپریشن میں اینٹی کرپشن لاہور ریجن اے نے سبحان گارڈن موضع ہربنس پورہ لاہور میں آپریشن کر کے کروڑوں روپے مالیت کی انتہائی قیمتی سرکاری اراضی پر قبضہ کی کوشش ناکام بنا دی۔اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ کارروائی کر کے 19ناجائز قابضین کو گرفتارکر لی۔
اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مل کر ناجائز قابضین کے خلاف کاروائیاں کر رہی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن محمد گوہر نفیس نے تمام ریجنل افسران کو قبضہ مافیا کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔