عید الاضحٰی کی چھٹیوں میں پارک،تفریحی مقامات بند، سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز
لاہو(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پر کیبنٹ کمیٹی برائے کورونا اینڈ ڈینگی کنٹرول کا خصوصی اجلاس ہوا،جس میں عید الاضحی کے ایام میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پر غورکیاگیا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ عیدالاضحی پر پارک اورتفریحی مقامات بند رہیں گے۔ سکولوں کے ایڈمن آفس کھولنے اورانتظامی عملے کو آنے کی اجازت دی جارہی ہے تاہم طلبہ اوراساتذہ کوسکولوں میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اجلاس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق سکول کھولنے سے پہلے محکمہ سکول ایجوکیشن ایس او پیز پر مکمل گائیڈ لائن جاری کرے گا۔سکولوں کو دوشفٹوں میں چلانے پر غورکیا جارہاہے اورہرشفٹ میں اڑھائی گھنٹے کی کلاسز ہوں گی۔ سکولوں میں ہینڈ واش،ماسک اوردیگر ضروری حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جا ئیں گے۔اجلاس میں طے کیاگیا کہ اپائمنٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت پراپرٹی،پروفشنل ٹیکس اورایکسائز پرمنٹ کے اجراء کی اجازت دی جائے گی۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ پنجاب میں ڈینگی سرویلنس نہ کرنے والے عملے کے خلاف کارروائی کی جائے۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں کمی کا رحجان دیکھنے میں آرہا ہے۔6شہروں میں مخصوص تعداد سے زیادہ کورونا مریض آنے پرعارضی لاک ڈاؤن کیاگیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،وزیر صنعت میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری،آئی جی پولیس، سینئر ممبر بورڈ آ ف ریونیو،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
پارک بند