عوامی تعاون کے بغیر بڑھتی آبادی پر قابو پانا ممکن نہیں: عثمان بزدار

عوامی تعاون کے بغیر بڑھتی آبادی پر قابو پانا ممکن نہیں: عثمان بزدار

  

لاہور (جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے شمال میں دبئی کی طرز پر جدید ترین شہر بسانے کے لئے ریور راوی فرنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔ پنجاب حکومت اتھارٹی کے قیام کیلئے آرڈیننس جاری کرے گی جبکہ وزیراعلیٰ اتھارٹی کے چیئرمین ہوں گے۔ ریورراوی فرنٹ اتھارٹی لاہور کے شمال میں نیا شہر بسانے کیلئے کام کرے گی۔نیا شہر دبئی کی طرز پر بسایا جائے گا جو ایک لاکھ ایکڑ سے زائدرقبے پر محیط ہوگا۔نجی شعبے کی طرف سے اس منصوبے میں پانچ ہزار ارب ر وپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔نئے شہر میں ہائی رائز بلڈنگز بنائی جائیں گی۔نیا شہر بسنے سے لاہور شہر میں ماحولیات،پانی اورٹریفک کے مسائل پر قابو پایہ جاسکے گا۔ نئے شہر میں ایک بڑی جھیل بھی بنائی جائے گی اورتین بیراج بھی بنیں گے۔جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے پانچ اضلاع میں بنجر زمین کو سیراب کرنے کے گیم چینجر پراجیکٹ گریٹر تھل کینال کوشروع کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں گریٹر تھل کینال اورآبپاشی امور سے متعلق خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے کہا کہ پنجاب میں کینال سسٹم کی بحالی پر کام تیز کیا جائے۔آبپاشی کے نظام کو بہتر بنا کر زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا۔گریٹر تھل کینال کیلئے اراضی کے حصول کی قانونی کارروائی ترجیحاً مکمل کی جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اراضی کے حصول کیلئے متعلقہ کمشنرفوری طورپر سروے مکمل کرائیں۔گریٹر تھل کینال کیلئے میرٹ پر اراضی کے نرخ کاتعین کیا جائے۔ اراضی مالکان کو شفاف طریقے سے اراضی کی قیمت ادا کی جائے۔اراضی کے نرخ کی ادائیگی کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کیا جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گریٹر تھل کینال لیہ،بھکر،جھنگ،مظفر گڑھ اورخوشاب کے اضلاع میں خوشحالی لائے گی۔لاکھوں ایکڑ اراضی سیراب ہوگی اورقومی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔گریٹر تھل کینال کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک 150ملین ڈالر مالی معاونت فراہم کرے گا۔گریٹر تھل کینال کی تعمیر کیلئے مالی امور کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آبادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بڑھتی آبادی کے ساتھ تیزی سے بڑھتے مسائل کرہ ارض پر انسانی بقاء کے لئے خطرہ ہیں۔آبادی میں بے ہنگم اضافہ صحت، تعلیم اور روزگارکے مسائل کو ترویج دیتا ہے۔یہ دن آبادی اور وسائل میں توازن کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ رواں برس آبادی کے عالمی دن کا موضوع”کورونا کی وباء میں خواتین کی صحت کا تحفظ“ ہے۔کورونا وباء کے باعث پاکستان سمیت پوری دنیا کو غیر معمولی حالات کا سامنا ہے۔ماں اور بچے کا تحفظ ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔غیرمعمولی صورتحال میں بھی خواتین کو معیاری علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ کوروناوباء کے اثرات سے محفوظ رضا کارانہ خاندانی منصوبہ بندی تک رسائی کو یقینی بنایا گیاہے۔بڑھتی آبادی سے متعلقہ مسائل پر قابو پانے کے لئے حکومتی کاوشوں کے ساتھ عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ بڑھتی آبادی پر قابو پا کر عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -