قلوب کو حیات سے منور کرنے کیلئے ذکرالٰہی اختیار کرنا ہوگا، عبدالقدیراعوان

قلوب کو حیات سے منور کرنے کیلئے ذکرالٰہی اختیار کرنا ہوگا، عبدالقدیراعوان

  

پشاور (سٹی رپورٹر) تنظیم الاخوان پاکستا ن نے کہا ہے کہ آج بھی معاشرے میں خود کو دانشور،عقلمند اور دانا کہلوانے والے بہت سے لوگ موجود ہیں لیکن اگر وہ بعثت عالی ﷺ کے مقصد کو ہی نہ پا سکے اور وہ احکامات جو آپ ﷺ قیامت تک کے لیے لائے ان پر عمل پیرا نہ ہوسکے تو قرآن کریم ایسے لوگوں کو اندھا اور جاہل فرماتا ہے۔ان خیالات کا اظہار امیر عبدالقدیر اعوان نے گزشتہ روز جمعتہ المبار ک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑی بد بختی ہے کہ بندہ حق کے ہوتے ہوئے حق کو پہچان نہ سکے۔ان کا نہ پہچاننا ان کو اس حد تک لے جاتا ہے کہ پھر اللہ کریم ان کی نگاہوں اور دلوں کو پھیر کر رکھ دیتے ہیں اور ان کے قلوب پر مہر ثبت کر دیتے ہیں توبہ کی توفیق ہی سلب ہو جاتی ہے جبکہ یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے ہر عمل کو دیکھیں کہ اس میں کتنا خشوع و خضوع ہے کیا ہمارے سینے میں بھی وہ کیفیات ہیں جو قلب اطہر محمد الرسول اللہ ﷺ سے آ رہی ہیں۔اگر ایسا ہے تو اس کی بصیرت کام کر رہی ہے اور اس کی سمت درست ہے۔کیونکہ یہ روشنی اسے صراط مستقیم پر قائم رکھے گی انہوں نے کہا کہ قلوب کی حیات اور اسے کیفیات قلبی سے منور کرنے کے لیے ذکر اللہ اختیار کرنا ہوگا۔ہم محتاج ہیں وہ بے نیاز ہے یہ ضرورت ہماری ہے کہ ہم ان برکات کے حصول کے لیے محنت کریں اور قرب الٰہی کے لیے سعی کریں۔تاکہ بندگی کے معنوں سے آشنائی حاصل کر سکیں آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا فرمائی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -