پی ایس ایل میچوں کے ٹکٹوں کی واپسی کا واحد موقع، کن شہروں میں ٹکٹ واپس کئے جا سکیں گے اور ٹی سی ایس مراکز کتنے بجے تک کھلے رہیں گے؟ تفصیلات جاری کر دی گئیں

پی ایس ایل میچوں کے ٹکٹوں کی واپسی کا واحد موقع، کن شہروں میں ٹکٹ واپس کئے جا ...
پی ایس ایل میچوں کے ٹکٹوں کی واپسی کا واحد موقع، کن شہروں میں ٹکٹ واپس کئے جا سکیں گے اور ٹی سی ایس مراکز کتنے بجے تک کھلے رہیں گے؟ تفصیلات جاری کر دی گئیں

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ءکے 10 میچوں کی ٹکٹوں کی واپسی کی تفصیلات جاری کردی ہیں ، یہ میچز یا تو بارش کی نذر ہوئے یا بند دروازوں میں کھیلے گئے اور یا پھر کورونا وائرس کے باعث ان کا شیڈول تبدیل کردیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق دو مرحلوں پر مشتمل ٹکٹوں کی ری فنڈنگ کا یہ عمل پیر سے شروع ہو گا جس کا پہلا مرحلہ 13 جولائی سے پانچ اگست تک جاری رہے گا جس دوران کوویڈ 19 کے سبب بند دروازوں میں کھیلے گئے 5 گروپ میچز اور 29 فروری کو راولپنڈی میں بارش کی نذر ہونے والے میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی۔

ری فنڈنگ کا دوسرا مرحلہ 6 سے 29 اگست تک جاری رہے گا جس دوران لیگ کے ابتدائی شیڈول میں شامل کوالیفائر، 2 ایلیمنٹر اور فائنل میچ کی ٹکٹیں ری فنڈ کی جائیں گی۔ 6 ہفتوں پر مشتمل یہ عمل صارفین کیلئے ایونٹ کی ٹکٹوں کی واپسی کا واحد موقع ہے اور یہ عمل ملک بھر کے 27 مختلف شہروں کے مخصوص ٹی سی ایس مراکز پر پیر سے ہفتہ، صبح 10 سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گا۔ ان شہروں میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور ملتان کے علاوہ چکوال، حیدرآباد، وہاڑی، گوجرانوالہ، بھکر، ڈیرہ غازی، سکھر، لودھراں اور وہاڑی وغیرہ بھی شامل ہیں۔

صارفین کو ٹکٹوں کے پیسوں کی واپسی کیلئے ایونٹ کیلئے خریدی گئی اپنی اصل ٹکٹ ان مخصوص ٹی سی ایس مراکز میں جمع کرانا ہو گی۔ اس دوران ٹی سی ایس مراکز کا رخ کرنے والے ان صارفین کیلئے چہرے کا ماسک پہننا اورسماجی فاصلے سے متعلق دیگر حکومتی ہدایات پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔

پی ایس ایل کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کا کہنا ہے کہ بلاشبہ ایونٹ کی ٹکٹوں کی واپسی کایہ عمل کچھ تاخیر کا شکار ہوا تاہم امید ہے کہ تمام مداح بخوبی سمجھ سکتے ہیں کہ کورونا وائرس کے سبب ہم ہر ممکنہ صورتحال کا جائزہ لے رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام صارفین سے حکومتی ہدایات برائے کوویڈ 19 پر مکمل عمل کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔

شعیب نوید نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020ءایک کامیاب ایونٹ رہا جس میں مجموعی طورپر 5 لاکھ جوشیلے مداحوں نے میچز دیکھنے کیلئے سٹیڈیم کا رخ کیا۔ پی سی بی اور تمام فرنچائزز پرامید ہیں کہ لیگ کے بقیہ میچز کو 2020ءمیں ہی ری شیڈول کرلیاجائے گا اور ایسا ہونے کی صورت میں تمام تفصیلات مقررہ وقت پر جاری کردی جائیں گی۔

مزید :

کھیل -