شادباغ کے علاقہ میں دیرینہ رنجش پر 32سالہ نوجوان پر فائرنگ
لاہور(خبر نگار)شادباغ کے علاقہ میں دیرینہ رنجش پر 32سالہ نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ مانسہرہ کے رہائشی32 سالہ اسحاق نے شادباغ کے علاقہ مکہ چوک میں پان سگریٹ کی شاپ بنا رکھی تھی کہ آج صبح سویرے اپنی دوکان پر موجود تھا کہ اچانک ابرار نامی نوجوان وہاں آیا اور اس کی مقتول32سالہ اسحاق سے دوبارہ جھڑپ ہوئی جس ہر ملزم ابرار نے طیش میں آکر اسحاق پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 32سالہ اسحاق خون میں لت پت ہو کر گر پڑا جبکہ ملزم ابرار موقع سے فرار ہوگیا۔32سالہ اسحاق کو شدید زخمی حالت میں میو ہسپتال لیجانے کی کوشش کی گئی کہ وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔پولیس نے لاش قبضہ میں لے کر مردہ خانے میں جمع کروا دی ہے ۔
ڈی ایس پی مصری شاہ سرکل شعیب دستگیر کے مطابق مقتول مانسہرہ کا رہاشی ہے اور ملزم ابرار کا تعلق بھی مانسہرہ سے ہے۔مقتول اسحاق کی ملزم ابرار کے ساتھ خاندانی رنجش چل رہی تھی۔ اسی بنا پر مقتول اسحاق کے مخالف ابرار نے فائرنگ کر کے قتل کیا ہے۔ ڈی ایس پی کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کردیے گئے ہیں اور جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔