کرکٹ ”بائیو ببل“ کے اندر کی دنیا حیرت کدہ، ٹی وی کوریج کا انتظام کرنے والی ٹیم بھی حیران پریشان رہ گئی

کرکٹ ”بائیو ببل“ کے اندر کی دنیا حیرت کدہ، ٹی وی کوریج کا انتظام کرنے والی ...
کرکٹ ”بائیو ببل“ کے اندر کی دنیا حیرت کدہ، ٹی وی کوریج کا انتظام کرنے والی ٹیم بھی حیران پریشان رہ گئی

  

ساﺅتھمپٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) کرکٹ ’بائیوببل‘ کے اندر کی دنیا کسی حیرت کدہ سے کم نہیں اور سٹیڈیم میں انٹری صرف اس کیلئے ہے جو کورونا فری ہے، روزانہ کی بنیاد پرصحت کے حوالے سے سوالوں کا تسلی بخش جواب دینا بھی ضروری ہے جبکہ جگہ جگہ پاﺅں کے نشان کسی کرائم سین کی عکاسی کررہے ہوتے ہیں، ٹی وی کوریج کرنے والی ٹیم کو بھی نئے انتظامات نے چونکا کر رکھ دیا جو یہ کہنے پر مجبور ہوگئی کہ یہ وہ کرکٹ نہیں جس کو ہم جانتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی صورت میں انٹرنیشنل کرکٹ کا سلسلہ بحال ہوچکا، ساﺅتھمپٹن میں جاری میچ بائیوسیکیور ببل میں ہونے والا تاریخ کا پہلا ٹیسٹ ہے، دونوں ٹیموں کے کھلاڑی کئی ہفتوں سے بائیوببل میں موجود ہیں جہاں انہیں کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، اندر کی دنیا کافی عجیب ہے جس میں انٹری کیلئے کورونا وائرس ٹیسٹ لازمی طور پر منفی ہونا چاہیے، موجود کھلاڑیوں کو روزانہ کی بنیاد پر اپنی صحت کے حوالے سے سوالات کے جواب دینا پڑتے ہیں۔

ہر راستے پر اضافی دروازہ موجود ہے جس میں ٹمپریچر سکینر لگے ہوئے ہیں، اندر داخل ہونے کے بعد چہرے کو ماسک سے ڈھانپ کر رکھنا انتہائی ضروری ہے، فرش پر تیر اور پاﺅں کے بنے نشان کسی کرائم سین کا منظر پیش کررہے ہیں، کینٹین میں رکھی ایک ٹیبل ایک فرد کیلئے ہے، بار میں موجود ٹیبلز پر بھی واضح طور پر ہدایات درج ہیں کہ اس پر کتنے شخص بیٹھ سکتے ہیں۔

راہداریوں کے علاوہ ہر دروازے کے ساتھ ہینڈ جیل ڈسپینسرز سینی ٹائزرز موجود ہیں جو آپ کو یاد دلاتے ہیں کہ اندر جانے سے قبل ہاتھوں کو جراثیم سے پاک کر کے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ اتنے کڑے انتظامات اور احتیاطی تدابیر نے ساﺅتھمپٹن ٹیسٹ کی کوریج کیلئے آنے والی ٹی وی ٹیم کو بھی چونکا دیا جنہیں نئے قواعد و ضوابط کا سامنا کرنا پڑا، ہوٹل سے ان کے ٹیسٹ میچ سپیشل باکس سب کا ہی ماحول مختلف تھا جس کی وجہ سے میچ کے آخر پر وہ کہنے پر مجبور ہوگئے کہ یہ وہ کرکٹ نہیں جس کو ہم جانتے ہیں۔

مزید :

کھیل -