کراچی میں رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کا کیس حل کر لیا گیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد میں پولیس نے رواں سال کی سب سے بڑی ڈکیتی کا کیس حل کرتے ہوئے واردات میں ملوث شو روم کے ملازم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمشید روڈ پر شوروم سے 2 کروڑ 38 لاکھ کی واردات ہوئی تھی جس کی تفتیش کے دوران پولیس نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ جمشید ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ کروڑوں کی واردات میں گھر کا بھیدی ملوث نکلا ہے، گرفتار دوسرا ملزم شوروم ملازم کا بھائی ہے جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 51 لاکھ کی رقم برآمد کرلی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور صرف ماہ جون میں 2980 موٹرسائیکل چوری اور چھین لی گئیں۔ پولیس کی جانب سے صرف 123 موٹر سائیکلیں ہی برآمد کی جاسکیں، پی آئی بی کالونی میں بھی گزشتہ روز موٹر سائیکل چوروں نے واردات کی تھی اور موٹر سائیکل چرا کر فرار ہوگئے تھے۔
ادھر گلشن اقبال پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 2 موٹرسائیکل چوروں کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزم زاہد حسین لغاری اور جعفر سے اسلحہ اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئی ہیں۔