پارٹی میں جانیوالا شخص کورونا سے چل بسا لیکن مرنے سے چند لمحے قبل نر س کوکیا کہا؟ انتہائی دردناک انکشاف
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کورونا وائرس کے خوف میں مبتلا ہے جبکہ امریکہ اور دیگر کئی ممالک میں لوگ کورونا وائرس پارٹیاں منعقد کر رہے ہیں۔ ان پارٹیوں کی خبریں تو کئی دن سے گردش میں تھیں۔ اب ایسی ایک پارٹی کی وجہ سے ایک شخص کی موت ہونے کی خبر بھی آ گئی ہے۔ ویئر ٹی وی کے مطابق یہ شخص عمر کی 30کی دہائی میں تھا جس نے ٹیکساس کے شہر سین انتونیو میں ایک کورونا وائرس پارٹی میں شرکت کی تھی اور وہیں سے اسے وائرس لاحق ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس مریض کو علامات سنگین ہونے پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں گزشتہ روز اس کی موت واقع ہو گئی۔اس کا علاج کرنے والی ڈاکٹر جینی اپلبی کا کہنا ہے کہ ”یہ مریض کورونا وائرس پارٹی میں جانے پر شدید پچھتاوے کا شکار تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس کی وباءکو محض افواہ سمجھتا تھا۔ اس کے متعلق لوگ جو کہانیاں سناتے تھے مجھے وہ من گھڑت لگتی تھیں لیکن اب میں جان چکا ہوں کہ یہ وباءحقیقت میں پھیلی ہوئی ہے اور میں دوسروں کو بھی نصیحت کروں گا کہ وہ ایسی غلطی کبھی نہ کریں۔“ڈاکٹر جینی نے بتایا کہ ”مرنے سے کچھ دیر قبل اس نے نرس کی طرف دیکھا اور کہا ’میں نے بہت بڑی غلطی کر دی۔‘یہ فقرہ بولنے کے کچھ ہی دیر بعد اس کی موت واقع ہو گئی۔“