متحدہ عرب امارات جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے زبردست خوشخبری آ گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کے فضائی آپریشن کی بحالی کے بعد پاکستان سے دبئی، شارجہ، ابوظہبی اور العین کیلئے پروازیں روانہ ہو رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دبئی حکام کی ہدایات کے مطابق تمام مسافروں کو پرواز کی روانگی کے 96 گھنٹوں کے اندر مختص کردہ لیبارٹری سے کورونا ٹیسٹ کروانا لازم ہو گا اور منفی رپورٹ بورڈنگ کے وقت پیش کرنا ہوگی۔
مسافروں کو دبئی اتھارٹی کی جانب سے سفر کیلئے کلیئرنس سرٹیفیکٹ کا حصول بھی لازم ہے جبکہ مسافر مطلوبہ اجازت نامہ آن لائن اپلائی کر کے حاصل کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات پہنچنے سے پہلے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم بھی پر کرنا لازم ہے۔ ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز بھی کیا جا چکا ہے جو کہ پی آئی اے کے دفاتر کے علاوہ ویب سائٹ اور ایجنٹس سے بھی خریدے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ 28 جون کو متحدہ عرب امارات انتظامیہ نے پاکستان سے آنے والے مسافروں پر یہ کہہ کر عارضی پابندی لگائی تھی کہ جب تک کورونا ٹیسٹنگ کیلئے لیبارٹری نہیں بن جاتی تب تک پاکستان سے مسافر متحدہ عرب امارات سفر نہیں کر سکیں گے۔