پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کا وکٹ کیپر رضوان یا سرفراز؟ ہرشا بھوگلے نے بھی اپنی رائے دیدی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کا ماننا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو محنت کے ذریعے ٹیم میں جگہ واپس حاصل کرنا ہو گی کیونکہ محمد رضوان نے حالیہ ٹیسٹ میچوں میں عمدہ کارکردگی کے ذریعے اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کیا گیا تو سابق کپتان سرفراز احمد کا نام بھی اس میں شامل تھے اور اب وہ سکواڈ کے ساتھ انگلینڈ میں موجود ہیں جہاں انہوں نے دو روزہ انٹراسکواڈ میچ میں ایک ٹیم کی قیادت بھی کی۔ پاکستانی ٹیم نے اپنے دورہ انگلینڈ کے دوران 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں۔
ہرشا بھوگلے سے جب یہ سوال کیا گیا کہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم میں ترجیحی بنیادوں پر وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں محمد رضوان کو دینی چاہئیں یا پھر سرفراز احمد کو سونپی جانی چاہئیں، تو انہوں نے جواب دیا کہ ”سرفراز احمد کے پاس بطور کھلاڑی بہت وقت تھا اور میں سمجھتا ہوں کہ وہ جینین بلے باز ہیں، لیکن حالیہ وقتوں میں محمد رضوان نے مختصر طرز کی کرکٹ میں چند بے حد اچھی اننگز کھیلی ہیں جبکہ آسٹریلیا میں وہ بابراعظم کیساتھ بہترین پارٹنرشپ بھی قائم کر چکے ہیں۔ اب یہ سرفراز احمد پر منحصر ہے کہ وہ ٹیم میں آئیں اور اپنی جگہ بنائیں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ”سرفراز احمد واقعی میں بہت اچھے کھلاڑی ہیں اور ان میں ایک فائٹر بھی موجود ہے جبکہ میں ہمیشہ سے یہ سمجھتا آیا ہوں کہ پاکستانی ٹیم سرفراز احمد کی صلاحیتوں سے وہ فائدہ نہیں اٹھا سکی جس کے وہ قابل ہیں۔“