نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے قائدین کا ایم کے انور بغدادی کی وفات پر اظہار تعزیت

  نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے قائدین کا ایم کے انور بغدادی کی وفات پر اظہار تعزیت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (پ ر) تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئرمین نظریہئ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ، چیئرمین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد، جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، چیف جسٹس(ر) اعجاز نثار، میاں فاروق الطاف، سینیٹر ولید اقبال، سینیڑ مشاہد حسین سید،چودھری نعیم حسین چٹھہ، کارکنان تحریک پاکستان کرنل(ر) محمدسلیم ملک، خواجہ خورشید وائیں، میاں ابراہیم طاہر، بیگم ثریا خورشید، بیگم مہناز رفیع اور نظریہئ پاکستان ٹرسٹ و تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشیدنے ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں تحریک پاکستان کے گولڈ میڈلسٹ کارکن ایم کے انور بغدادی کی وفات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے  دعائے مغفرت کی ہے۔
 تعزیتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ایم کے انور بغدادی نے   اپنی زندگی پاکستان کی تعمیروترقی اور نظریہئ پاکستان کی ترویج واشاعت کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ وہ سراپا پاکستان تھے اور پاکستان سے محبت ان کے رگ وپے میں رچی بسی تھی۔ بیان میں سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہارکیا گیا اور ایم کے انور بغدادی کی مغفرت کیلئے دعا کی کہ اللہ تعالی انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔  ایم کے انور بغدادی نے امرتسر سے تحریکِ پاکستان میں حصہ لیا۔ 1946ء میں جب مطالبہئ پاکستان نے زور پکڑا اور تحریک اپنے عروج کو پہنچی تو آپ اُس وقت مسلم لیگ ہائی سکول میں زیرتعلیم تھے۔آپ 1946ء کے انتخابات میں مسلم لیگ کے اُمیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے مصروف عمل رہے۔ جب مسلم لیگ نے سول نافرمانی کا آغاز کیا تو آپ نے اس میں بھی حصہ لیا۔ آپ احتجاجی جلوسوں میں باقاعدگی سے شرکت کرتے۔ ان جلوسوں میں آپ نے پولیس کی لاٹھیاں بھی کھائیں۔ ایک احتجاجی جلوس ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب رواں دواں تھا تاکہ ڈپٹی کمشنر کی عمارت سے یونین جیک اُتار کر مسلم لیگ کا پرچم لہرایا جائے۔ پولیس نے جلوس کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کے ساتھ آنسو گیس کا بھی استعمال شروع کردیا جس سے آپ کو زخم آئے اور آپ بے ہوش ہوگئے۔ ہسپتال میں آپ دس دن زیرعلاج رہے۔ آپ نے امرتسر سے پاکستان ہجرت کی اور لاہور کو اپنی سرگرمیوں کا مرکز بنایا۔ آپ نے والٹن میں قائم مہاجرین کیمپ میں چھ ماہ تک کام کیا۔ 7 نومبر 1947ء کو حضرت قائداعظمؒ نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کے ہمراہ والٹن کیمپ کا دورہ کیا۔ ایم۔کے انور بغدادی حسب معمول ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔ قائداعظمؒ آپ کو دیکھ کر رُک گئے۔ آپ نے قائداعظمؒ سے مصافحہ کا شرف حاصل کیا۔ مادرملتؒ نے شفقت سے آپ کے سر پر ہاتھ پھیرا جو کہ ان کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ والٹن کیمپ میں خدمات انجام دینے پر آپ کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیا گیا جوآپ کے پاس محفوظ تھا۔ تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کی جانب سے آپ کو 2010ء میں گولڈ میڈل دیا گیا۔ ایم کے انور بغدادی کا گزشتہ روز انتقال ہو گیا تھا اور انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔