الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریب

الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریب

  

لاہور(سٹی رپورٹر) چند ماہ میں رونما ہونے والے مختلف سانحات کے دوران خدمات سرانجام دینے والے الخدمت رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے الخدمت کمپلیکس لاہور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ الخدمت کے وولنٹیر مینجمنٹ پروگرام کے زیرِ اہتمام  ''اعترافِ خدمت '' کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں مختلف جامعات اور دیگرشعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی الخدمت فا ؤ نڈ یشن پاکستان کے نائب صدر ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ تھے جبکہ میزبانی کے فرائض آمنہ زاہد اور محمد حمزہ قیوم نے سرانجام دیئے۔  ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہمارے نوجوان خدمت خلق کے کاموں میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیتے ہیں۔ان رضاکاروں نے جس طرح پورا ماہِ رمضان چوکوں چوراہوں میں افطاری، یتیم بچوں میں عید تحائف اور مستحقین میں فوڈ پیکجز کی تقسیم کے علاو ہ مختلف سانحات کے دوران الخدمت کے شانہ بشانہ کام کیا وہ لائقِ تحسین ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن نے الخدمت وولنٹیر مینجمنٹ پروگرام کی صورت میں نوجوانوں کو ایک بہترین پلیٹ فورم فراہم کیاہے۔ہر وہ نوجوان جو دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہے وہ اس ٹیم کا حصہ بن سکتا ہے۔ انچارج وولنٹیر مینجمنٹ پروگرام صنان اکبرنے وولنٹیر مینجمنٹ پروگرام کی کارکردگی کے حوالے سے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن پیش کی۔ اس موقع پراسسٹنٹ سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن احمد جمیل راشد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر خبیب بلال اور دیگر الخدمت ذمہ داران بھی موجود تھے۔تقریب کے اختتام پر رضاکاروں کو اعزازی شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس پیش کئے گئے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -