مہنگائی،لوڈشیڈنگ کا خاتمہ حکومتی ترجیحات میں شامل نہیں،اشرف بھٹی
لاہور(پ ر) پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بے روزگاری، لاقانونیت کا خاتمہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہی نہیں ہے اگر قوم اپنا اور بچوں کا مستقبل روشن دیکھنا چاہتی ہے تو اس دفعہ اس کو ووٹ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو دینا ہو گا جو کہ با صلاحیت بھی ہیں اور باکردار بھی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کے سلسلے میں بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی شہر لاہور کو حکمرانوں کی نااہلی نے مسائلستان بنا دیا ہے پیپلز پارٹی انتخابی میدان خالی نہیں چھوڑے گی۔ان کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بھرپور حصہ لے گی اور اس حوالے سے امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور ان کی الیکشن مہم بھی شروع کر دی گئی ہے پیپلز پارٹی عوامی ووٹوں سے سر پرائز دے گی۔