جنسی تشدد کے واقعات تشویشناک ہیں،چوہدری الطاف شاہد
لاہور(پ ر) پاک سرزمین پارٹی برطانیہ کے صدرچوہدری محمد الطاف شاہد نے کہا ہے کہ بچوں اورخواتین پرجنسی تشدد کے واقعات پر پاک سرزمین پارٹی کی قیادت کوانتہائی تشویش ہے۔ہمارے مرکزی سیّد مصطفی کمال کئی برسوں سے اس قسم کے واقعات پراپنے شدیدغم وغصہ کااظہار کررہے ہیں۔اسلامی معاشرے میں ایک کے بعد ایک جنسی تشدد کا دلخراش واقعہ منظرعام پرآنا یقیناارباب اقتدار کی بدانتظامی کاشاخسانہ ہے، افسوس تبدیلی سرکار کو ہمارے بچوں اورقوم کی بیٹیوں سے کوئی سروکار نہیں۔آبروریزی کے اندوہناک ازورشرمناک واقعات کا تابوت نابودکرنے کیلئے سخت قوانین بنانے کے ساتھ ساتھ میڈیا کی مدد سے ایک بھرپوراورموثر مہم شروع کرنے کی اشد ضرورت ہے۔اپنے ایک بیان میں چوہدری محمد الطاف شاہد نے مزید کہا کہ افسوس وفاق سمیت کسی صوبائی حکومت نے جنسی تشدد روکنے کیلئے اب تک کوئی واضح قدم اٹھایا اورنہ قانون پاس کیا۔قوم کی بیٹیوں کوجنسی درندوں سے بچانے کیلئے لفاظی کی حدتک بیانات نہیں بلکہ سخت اقدامات اوردوررس اصلاحات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے نظام عدل کوفعال بنایاجائے،جنسی درندوں کومعاشرے میں دندنانے اورمعصوم بچوں سمیت خواتین کی عزت تار تار کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔کوئی باصفا مرد کسی بچے اورخاتون کی عزت کومیلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا لہٰذا ء جنسی درندوں کومحض نامرد بنانے سے ان کی مجرمانہ روش نہیں بدلے گی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ایک نوجوان مرد اورنوجوان خاتون پرجنسی،جسمانی اوردماغی تشدد ناقابل برداشت ہے۔جہاں شرپسندعناصرسکیورٹی فورسز سے زیادہ طاقتور اوربااثر ہوجائیں وہاں سے انصاف کاجنازہ اٹھ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عثمان مرزاسمیت اس کے حواریوں کوقرارواقعی سزا دی جائے۔قوم اپنی باوفا اورباصفا بیٹیوں کومٹھی بھر جنسی درندوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑسکتی۔