آن لائن قربانی

آن لائن قربانی
آن لائن قربانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


عیدقرباں کی آمد کے باعث آن لائن مویشی منڈیوں کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔مویشی منڈی جاکر اپنی پسند کے گائے، بکرے، دنبے یا کسی اور جانور کا انتخاب ایک مشکل عمل ہوتا تھا لیکن اب قربانی کا فریضہ ادا کرنا آسان ہوگیا ہے،آپ گھر بیٹھے ہی اپنے موبائل فون کے ذریعے جانور خرید سکتے ہیں۔آن لائن بکرا منڈی پر جانوروں کی مختلف پوز میں تصاویر کے ساتھ ان کی ویڈیوز اور آواز کے ساتھ دیگر معلومات کے علاوہ قیمتیں بھی درج ہوتی ہیں جس کی وجہ سے قربانی کے جانورکا انتخاب کرنا نہ صرف آسان ہوگیا ہے بلکہ یہ طریقہ کار آرام دہ بھی ہے۔خریدار کو قیمت کم کرانے کی تگ و دو نہیں کرنا پڑتی کیونکہ قیمتیں فکس ہوتی ہیں،اگر آپ کو قربانی کاکو ئی جانور پسند آگیا ہے تو آپ آن لائن ادئیگی کرکے گھر بیٹھے اپنی پسند کا جانور خریدسکتے ہیں۔آن لائن خریدے گئے قربانی کے جانور لینے کے لئے کہیں جانا بھی نہیں پڑتا بلکہ یہ نوٹ کرائے گئے ایڈریس پر پہنچا دیئے جاتے ہیں۔ 


عیدالاضحیٰ کی آمد کے باعث آج کل ٹک ٹاک،انسٹاگرام،فیس بک اوردیگرسوشل میڈیا پراداکاروں کی بجائے قربانی کے جانوروں کی سیلفیاں اور خصوصی پوز کی گردش عام ہے۔بکروں کو آن لائن فروخت کرنے والے پہلے بکروں کو کار واش سنٹر پر لے جاکر نہلاتے دھلاتے ہیں پھر ان کاباقاعدہ بناو سنگھار کر نے کے بعد ایک زبردست قسم کا فوٹو سیشن کیا جاتا ہے۔فوٹو سیشن کے بعد جس تصویر میں بکرا زیادہ خوبصورت اور تگڑا نظر آئے اس تصویر کو سلیکٹ کرکے بھاری قیمت کی ڈیمانڈ کے ساتھ انٹرنیٹ پرپوسٹ کردیا جاتا ہے۔بکرا جتنا زیادہ خوبصورت اور تگڑا نظر آئے گا اس کی قیمت اتنی ہی زیادہ ہوگی۔آج کل موبائل میں ایسے ایسے فلٹرز آگئے ہیں جن کو استعمال کرکے کوئی بھی حسن کا شہزادہ یا حسن کی ملکہ بن سکتی ہے،انہی فلٹرزکو استعمال کرکے بکروں کے ایسے فوٹو شوٹ کئے جاتے ہیں کہ خریدار دھوکہ کھانے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔آن لائن تصویر سے مختلف بکرا ملنے پر خریدار سر پکڑ کر بیٹھ جاتا ہے کیونکہ اس کی پیمنٹ پہلے ہوچکی ہوتی ہے اور ابھی تک کوئی ایسا واضح سسٹم سامنے نہیں آیا کہ جس کے ذریعے آن لائن کاروبار کرنے والوں کو فراڈ کرنے سے روکا جاسکے یا آن لائن فراڈ کے متاثرین کا ازالہ کیا جاسکے۔    


پاکستان میں آن لائن قربانی کے جانور خریدنے کا سلسلہ چند سال پہلے سے ہی شروع ہوگیا تھا لیکن اب آن لائن بکرے خریدنے کے ساتھ ساتھ آن لائن قربانی کا کاروبار بھی شروع کیا گیا ہے جس میں آپ کے جانور کی قربانی کے عمل کو انٹرنیٹ کے ذریعے براہ راست دکھانے کی سہولت بھی موجود ہے،ایسے پیکجز آج کل سوشل میڈیا خصوصا فیس بک پر آفر کئے جارہے ہیں۔ان پیکجز کے ساتھ کچھ فری آفرز بھی دی جارہی ہیں جیسے ا ٓن لائن قربانی کے ساتھ سری پائے،اوجھڑی وغیرہ فری میں تیار کر وائیں۔ آن لائن قربانی کی سہولت فراہم کرنیوالی کمپنیوں کی توجہ زیاد ہ تربیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر ہوتی ہے،بیرون ملک مقیم پاکستانی آن لائن مویشی منڈیوں کی ویب سائٹ پراپنی پسندکا جانوربک کر کے اس کی آن لائن ادائیگی کردیتے ہیں اورپھران کی جانب سے قربانی کر کے گوشت تقسیم بھی کردیاجاتا ہے۔ کئی فلاحی اور رفاہی اداروں کی جانب سے بھی اندورن اوربیرون ملک مقیم مسلمانوں کو آن لائن قربانی اور اجتماعی قربانی میں حصہ ڈالنے کی سہولت دی جارہی ہے یہاں تک کہ کھالوں کی بکنگ بھی اب آن لائن کی جارہی ہے۔


کورونا وبا کے باعث آن لائن کاروبار کے رحجان میں کافی تیزی آئی ہے۔آن لائن کاروبار کا آغاز انٹرنیٹ صارفین کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے شروع ہوا تھا اور اب اس کاروبار کو کورونا کی وجہ سے بے حد پذیرائی ملی ہے۔دنیا بھر میں کورونا کے خوف سے باہر نہ نکلنے والے لوگ اپنی ضروریات کی تمام اشیاء اب آن لائن آرڈر کرکے باآسانی منگوا لیتے ہیں۔اسی لئے کہا جارہا ہے کہ آنے والا دور آن لائن سسٹم کا ہوگا جس میں تعلیم، صحت، کاروبار، ملازمت، شادی، ٹرانسپورٹ، قربانی حتیٰ کہ دنیا کا ہر کام آن لائن سسٹم میں ہوسکے گا۔ملک میں لاک ڈاون کی نرمی کے باعث جس طرح کورونا تیزی سے پھیلا،اس کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی اور پنجاب حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے جس سے مذہبی فریضہ کی ادائیگی بھی باآسانی ہوسکے اور کورونا بھی نہ پھیلے اسی لئے پنجاب حکومت آن لائن قربانی کے جانوروں کی ٹریڈنگ کو سپورٹ بھی کررہی ہے۔ 

مزید :

رائے -کالم -