عمران خان کا انتخابی نشان بلے کی جگہ ”مہنگائی اور کشمیر فروشی“ہونا چاہیے:مریم نواز

عمران خان کا انتخابی نشان بلے کی جگہ ”مہنگائی اور کشمیر فروشی“ہونا ...

  

 شاردہ (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ملک میں 3 سال کی تباہی و بربادی کو دیکھنے کے بعد سمجھتی ہوں کہ عمران خان کا انتخابی نشان مہنگی چینی، آٹا چوری اور کشمیر فروشی ہونا چاہیے،کشمیر کا مسئلہ صرف نواز شریف کی قیادت میں حل ہوسکتا ہے، سلیکٹڈ نے کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک دیا، جو شخص آر ٹی ایس کا بٹن دبا کر آپکا ووٹ چوری کرے اور وزیر اعظم ہاؤس میں بیٹھ جائے وہ  آزادی کیا جانے‘۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے شاردہ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں  جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ شاردہ آ ئی ہوں، آپکی محبت و شفقت کی مشکور ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میاں صاحب یہاں موجود نہیں لیکن یہاں ہر چیز میں نواز شریف نظر آرہا ہے، نوازشریف اور مریم نواز شریف کی رگوں میں کشمیری خون ہے۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’کشمیری جتنے بہادر ہیں، ان کا لیڈر عمران خان جیسا بزدل انسان نہیں ہوسکتا، کشمیریوں کا لیڈر وہ نواز شریف ہی ہوسکتا ہے جو وزیر اعظم ہو تو بھارت کے وزیر اعظم بھی پاکستان تشریف لاتے ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’کشمیر کا مسئلہ صرف نواز شریف کی قیادت میں حل ہوسکتا ہے، سلیکٹڈ نے کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک دیا‘۔انہوں نے کہا کہ ’عمران خان جب ٹرمپ کے پاس کشمیر کا مقدمہ ہار کر آئے تو پاکستان  آکر کہا کہ لگتا ہے کہ میں ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں‘۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی قوم کو بعد میں پتا چلا کہ وہ ورلڈ کپ کشمیر کو ہارنے کا ورلڈ کپ تھا، اب کشمیر کے عوام آپ سے کہنا چاہتے ہیں کہ اسی ورلڈ کپ میں چلو بھر پانی بھرو اور ڈوب مرو‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف نے پی ڈی ایم کے جلسے میں خطاب کے دوران سلیکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کو جہاں سے لائے ہو وہیں واپس لے جاؤ، انہیں کون لایا سب جانتے ہیں‘۔

مریم نواز 

مزید :

صفحہ اول -