پاکستان کی ترقی، خوشحالی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے: عارف علوی 

پاکستان کی ترقی، خوشحالی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے: عارف علوی 

  

 کراچی(این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے۔اہلِ کراچی کی حالت زار کو مزید نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔وفاقی حکومت کراچی کے مسائل کے حل کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو گورنرہاؤس میں اعلیٰ سطح کی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کراچی شہر کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق مسائل کے حل کے لئے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں کورونا کی نئی لہر کی وجہ سے کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر بھی گفتگوکی گئی۔ اجلاس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات اسد عمر اور ایم این اے آفتاب صدیقی نے شرکت کی۔ گورنر سندھ نے صدر کو کراچی میں پینے کے صاف پانی، سیوریج، ٹھوس کچرے کے انتظام، نقل و حمل سے متعلق مسائل اور وفاقی حکومت کے اقدامات پر بریفنگ دی۔وفاقی وزیر اسد عمر نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں کورونا کی چوتھی لہر کی واضح علامات ظاہر ہو رہی ہیں۔ملک میں کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے اور وائرس کی بھارتی قسم کی وجہ سے کورونا مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ عوام جلد سے جلد اپنے آپ کو کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور وائرس کے پھیلا کی روک تھام کے لئے این سی او سی کی ہدایات پر عمل کریں۔موثر فیصلہ سازی سے پاکستان دوسرے ممالک کے برعکس سنگین صورتحال سے محفوظ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے۔اہلِ کراچی کی حالت زار کو مزید نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔وفاقی حکومت کراچی کے مسائل کے حل کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کررہی ہے۔ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ کراچی میں پانی کی بچت اور محتاط استعمال کی ضرورت ہے۔افسوس ہے کہ ماضی میں پانی کی بچت کے لئے کرچی میں کوئی منصوبہ تشکیل نہیں دیا گیا۔

عارف علوی 

مزید :

صفحہ آخر -