تاجکستان میں 5.9شدت کا زلزلہ، بڑے پیمانے پر تباہی، 5افراد ہلاک 

تاجکستان میں 5.9شدت کا زلزلہ، بڑے پیمانے پر تباہی، 5افراد ہلاک 

  

دوشنبے،جکارتہ(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)تاجکستان میں 5.9 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی،ابتدائی اطلاعات کے مطابق 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے، ز لز لے کے جھٹکوں سے درجنوں مکانات تباہ ہوگئے اور کئی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا،جبکہ انڈونیشیا کے وسطی حصے میں واقع صوبہ شمالی سولاویسی میں 6.2شدت کے زلز لے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم کسی نقصان یا ہلاکتوں سے متعلق ابھی تک کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تاجکستان کے مشرقی ضلع راشت میں 5.9 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کا مرکز 165 کلومیٹر جنوب مغرب میں دارالحکومت دوشنبے میں تھا جس کی گہرائی دو کلومیٹر تھی۔زلزلے کے جھٹکوں سے درجنوں مکانات تباہ ہوگئے اور کئی علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ مکانات کے ملبے سے 5 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں، ملبے سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ملبے تلے دبے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جبکہ بے گھر ہونیوالے افراد کیلئے ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ متاثرین کو کھانا اور دیگر ضروری اشیا فراہم کی گئی ہیں۔ڈیزازٹر مینجمنٹ کے حکام کا کہنا ہے زلزلے کے جھٹکوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہے گا جس کے باعث پہاڑی علاقوں سے رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری طرف انڈونیشیا کے وسطی حصے میں واقع صوبہ شمالی سولاویسی میں 6.2شدت کے زلزلے سے متعلق ضلعی آفات ایجنسی کے آپریشن امور کے سربراہ ریو پوڈیہانگ نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکوں کی سب سے زیادہ شدت ضلع کیپولایوان سانگہی میں محسوس کی گئی،  اب تک زلزلے سے مکانات کو نقصان پہنچنے یا لوگوں کے زخمی یا ہلاک ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔موسمیات، آب و ہوا اور ارضی طبیعات کی ایجنسی نے سونامی کا کوئی انتباہ جاری نہیں کیا،زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجکر 43 منٹ پر آیا جس کا مرکز ضلع کیپولایوان تالاد کے شہر میلونگوانے سے 112 کلومیٹر جنوب مغرب میں سمندر کی تہہ سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔

زلزلہ 

مزید :

صفحہ آخر -