ماضی کے حکمرانوں نے کشمیری عوام کے مفادات پر تجارت کو ترجیح دی:عثمان بزدار

ماضی کے حکمرانوں نے کشمیری عوام کے مفادات پر تجارت کو ترجیح دی:عثمان بزدار

  

 لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر جرأت مندانہ موقف اپنا یاہے۔ وزیراعظم عمران خان نے مودی سرکار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کشمیر کی بات کی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کشمیر کے حقیقی وکیل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ سابق حکمرانوں نے کشمیر کا سوداکرنے کی مذموم کوشش کی اور ماضی کے حکمرانوں نے کشمیری عوام کے مفادات پر تجارت کو ترجیح دی۔ سابق ادوار میں تنازعہ کشمیر کی بجائے ذاتی تعلقات کو پرموٹ کیا گیا۔ پاکستان کے سند یافتہ جعلساز الیکشن میں کشمیر کے جعلی وکیل بن کر عوام کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو ہربین الاقوامی فورم پر بھر پور طریقے سے اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ناسمجھ لوگ کشمیر کے اہم تنازعہ پر بھی سیاست چمکا رہے ہیں۔ مسئلہ کشمیر پر پوائنٹ سکورنگ کرنا اپوزیشن کو زیب دیتاہے اور نہ ہی یہ قومی مفاد میں ہے۔ سردار عثمان بزدار نے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی جلد نکاسی کاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ واسا حکام اور انتظامیہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور نکاسی آب کے کام کو جتنی جلد ہو مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پانی کی نکاسی کے کام میں تساہل برداشت نہیں۔ضروری مشینری کے ذریعے نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔ واسا اور انتظامی افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں۔ نکاسی آب کے لیے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔بارشی پانی کے جلد نکاس میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -