انتخابی ضابطہ اخلاق پر کسی طور سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا:چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر

انتخابی ضابطہ اخلاق پر کسی طور سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا:چیف الیکشن کمشنر ...

  

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)آزادجموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبد الرشید سلہریا نے کہا ہے پاک فوج اور رینجرز انتخابات کے دوران سکیورٹی کی ذمہ داریاں انجام د ینگے۔ انتخابات کو آزادانہ،منصفانہ اور غیر جانبدارانہ بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انتظامیہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کیساتھ تعاون کو یقینی بنائے۔الیکشن کمیشن کے ارکان کسی قسم کے دباو کو خاطر میں نہ لائیں۔تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان،وفاقی وزراء اور امیدوار ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں آزادجموں و کشمیر کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور پاکستان میں موجو د قانون ساز اسمبلی کے 12 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ فاروق احمد نیاز، ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر اور سیکرٹر ی الیکشن کمیشن محمد غضنفر نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران نے انتخابات کے منصفانہ انعقاد کیلئے تجاویز دیں اور خاص کر انتخابات کے د ن سکیورٹی کو موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس سے خطاب میں چیف الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ انتخابات کے موثر انعقاد کیلئے فول پروف اقدامات کئے جائیں گے اور اس سلسلے میں کسی بھی دباؤ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ہمارے لئے یہ ایک چیلنج ہے جسے ہم نے موثر انداز میں انجام دینا ہے۔مجھے اپنے ارکان پر بھرپور اعتماد اور یقین ہے ہم ملکر تمام مشکلات پر قابو پالیں گے۔ قوم کو اپنے ادارے پر اعتماد ہے اور ہم بھی انشاء اللہ ان کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔سینئر ممبر راجہ فاروق احمد نیاز نے خطاب میں کہا کسی کو بھی ضابطہ اخلا ق کی خلاف ورزی پر معاف نہیں کیا جائیگا۔ممبر الیکشن کمیشن فرحت علی میر نے کہا ریاست میں انتخابات تواتر سے ہو رہے ہیں ہم اسکے آزادانہ اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر موثر اقدامات کریں گے۔ آزاداور مقبوضہ جموں و کشمیر کے انتخابات میں واضح فرق ہے۔

چیف الیکشن کمشنر

مزید :

صفحہ اول -