کورونا سے مزید 35اموات،پنجاب حکومت کا 18جولائی تک ہفتہ برائے پابندی ایس او پیز،ویکسی نیشن منانے کا فیصلہ

  کورونا سے مزید 35اموات،پنجاب حکومت کا 18جولائی تک ہفتہ برائے پابندی ایس او ...

  

 اسلام آباد،کراچی (نیوزایجنسیاں) پاکستان میں ایک بار پھر کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، مجموعی طور پر مثبت کیسز کی شرح3.79فیصد تک پہنچ گئی۔این سی او سی کے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق گزشتہ24گھنٹے میں ملک میں کورونا کے مزید 35مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد کورونا سے مجموعی اموات 22555تک جاپہنچی۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ 24گھنٹے میں کورونا کے48ہزار134 ٹیسٹ کیے گئے،جس میں سے 1828نئے کورونا کیسز سامنے آئے جبکہ اس دوران مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 3.79فیصد ہوگئی۔کراچی میں گزشتہ 24گھنٹوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 11.43فیصد ریکارڈ کی گئی،ترجمان محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 6283افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 718افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق ہوئی۔ملک بھر میں گزشتہ 24گھنٹے کے دوران مزید11 ہیلتھ ورکرز میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی، اب تک 16671ہیلتھ ورکرز کوروناوائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس

لاہور(جنرل رپورٹر)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں عید الضحیٰ کے موقع پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پنجاب حکومت نے 18جولائی تک ہفتہ برائے پابندی ایس او پیز اور ویکسینیشن منانے کا فیصلہ کیا ہے اور مانیٹرنگ کیلئے محکمہ داخلہ کی زیر نگرانی صوبائی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔بازاروں، پارکوں،ریسٹورنٹس، شادی ہالزاور پبلک مقامات پر ایس اوپیز کی چیکنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی اور اس سلسلے میں تمام انتظامی اور پولیس افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔فیصلہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور چیف سیکرٹری پنجاب کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس کے دوران کیا گیا۔چیف سیکریٹری نے قصور سمیت کچھ اضلاع میں کم ویکسینیشن پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ناقص کارکردگی پر سی ای او ہیلتھ قصور کو فوری ٹرانسفر کرنے  کاحکم بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن مہم قومی مقصد ہے، اس سلسلے میں کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے ویکسینیشن کی رفتار بہتر بنانے پر گوجرانوالہ ڈویڑن کی تعریف کی جبکہ قصور،ساہیوال، اوکاڑہ، میانوالی، سرگودھا،خانیوال، بہاولپور، رحیم یار خان کے ڈپٹی کمشنرز کو ویکسینیشن کی رفتار بہتر بنانے سے متعلق ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ ویکسینیشن کے ٹارگٹ پورے نہ ہونے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر ذمہ دار ہوگا۔  

پنجاب حکومت 

مزید :

صفحہ اول -