پنجاب،خیبرپختونخوا میں بھی میٹرک اور انٹر کے امتحانات شروع،سندھ میں آخری پرچہ بھی آؤٹ

  پنجاب،خیبرپختونخوا میں بھی میٹرک اور انٹر کے امتحانات شروع،سندھ میں آخری ...

  

 لاہور،کراچی (آئی این پی) پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انٹر اور میٹرک کے امتحانات کا آغاز ہوگیا، دوسری جانب سندھ میں میٹرک کا ہفتہ کوہو نے والا آخری پرچہ بھی آؤٹ ہوگیا، کراچی میں نویں جماعت کا کمپیوٹر سٹڈیز کا پیپر ساڑھے نو بجے سے پہلے سوشل میڈیا پر آگیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں امیدواروں کیلئے 462امتحانی مراکز قائم کئے گئے جبکہ سینٹرز کے باہر دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے،چیئرمین لاہور بورڈ نے کہا کہ امتحانات کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں، بوٹی مافیا اور بیرونی عناصر کے خلاف سخت کارروائی کیلئے دفعہ 144کا نفاذ کیا گیا، دوران امتحانی اوقات لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی لیسکو چیف کو درخواست کی گئی ہے، دانش سکولوں کے طلبہ کیلئے حاصل پور، چشتیاں، رحیم یار خاں، حرنولی پور، ڈی جی خان، فاضل پور اور لاہور جند میں ایک ایک امتحانی مرکز قائم کیا گیا، ضلع قصور میں لڑکیوں کے لیے 37، لڑکوں کے لئے 32، ضلع شیخوپورہ میں لڑکیوں کے 33اور لڑکوں کے 25سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں بھی میٹرک اور انٹر کے امتحانات شروع ہوگئے، صوبہ بھر کے تمام 8بورڈز کے 14لاکھ 15 ہزار 360امیدوارامتحانات میں شرکت کریں گے، ہفتہ کو میٹرک کاپہلا پرچہ لیا گیا، کورونا وائرس کے باعث امتحانات کو صرف اختیاری مضامین تک محدود کر دیا گیا ہے، امتحانی عملے کی ڈیوٹی کورونا ویکسینشن سے مشروط کر دی گئی۔ دوسری جانب سندھ میں حسب روایت میٹرک کے امتحانات کا ہفتہ کوہو نے والا آخری پرچہ بھی آؤٹ ہوگیا، کراچی میں نویں جماعت کا کمپیوٹر سٹڈیز کا پیپر ساڑھے نو بجے سے پہلے سوشل میڈیا پر آگیا،تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں میٹرک کے امتحانات ختم ہوگئے، حسب روایت نویں جماعت کا آخری پرچہ بھی وقت سے پہلے آؤٹ ہوا،کراچی میں نویں جماعت کا کمپیوٹرسٹڈیز کا پرچہ ساڑھے9بجے سے پہلے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا،نوشہرو فیروز، سکھر اور نواب شاہ میں طلبہ واٹس ایپ کے ذریعے نقل میں مصروف رہے۔

 امتحانات شروع

مزید :

صفحہ اول -