سٹی ٹریفک پولیس کی ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال بارے شہریوں کو آگاہی

سٹی ٹریفک پولیس کی ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال بارے شہریوں کو آگاہی

  

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے شہریوں کو ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال بارے آگاہی دی۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر ڈی ایس پی ایجوکیشن محمد سعید نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں کے ہمراہ سٹی اور کینٹ سیکٹر میں شہریوں کو ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال سے متعلق آگاہی دی اور شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ موٹر سائیکل پر ڈرائیونگ کرتے وقت ہیلمٹ اور گاڑی میں ڈرائیونگ کرتے وقت سیٹ بیلٹ کا استعمال ضرور کریں کیونکہ اس کے استعمال سے قیمتی جانوں کے ضیاع کے خدشات کم ہو جاتے ہیں اس سلسلے میں ڈی ایس پی ایجوکیشن محمد سعید نے شہریوں میں باقاعدہ احتیاطی تدابیر اور ہیلمٹ و سیٹ بیلٹ کے استعمال کے فوائد پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اور اس سلسلے میں وقتاً فوقتاً شہریوں کو احتیاطی تدابیر چاہے وہ ٹریفک کے حوالے سے ہو یا ان کی صحت کے حوالے سے کے بارے میں آگاہی دیتے ہیں تاکہ ان کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرتے ہوئے محب وطن اور معاشرے کا با عزت شہری ہونے کا ثبوت دیں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کا خاص خیال رکھیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -