کوہاٹ سے اسلحہ کی سمگلنگ ناکام،3 گرفتار
پشاور(کرائم رپورٹر)کوہاٹ پولیس نے بڑی تعداد میں خود کار ہتھیار سمگل کرنے کی ایک اور کوشش ناکام بنادی۔ کارروائی میں ہتھیاروں کے تین بین الاضلاعی سمگلر گرفتار ہوئے جبکہ انڈس ہائی وے پرکارروائی میں اسلحے سے بھرا موٹر کار پکڑا گیا۔ پکڑے گئے ہتھیاروں میں 5کلاشنکوف، 21پستول، 3800کارتوس اور 70 چارجرز شامل ہیں۔اسلحے سے بھری گاڑی سمیت گرفتار سمگلروں میں محمد معصوم، رحمان اللہ اور وقاص کا تعلق لکی مروت سے ہے۔ پکڑا جانیوالا اسلحہ درہ آدم خیل سے کوہاٹ انڈس ہائی وے کے راستے جنوبی اضلاع کوسمگل کیا جارہا تھا۔ اسلحہ سمگلروں کے خلاف 24 گھنٹوں کے دوران پولیس کی یہ دوسری بڑی کارروائی ہے۔ گزشتہ روز اسلحے کی بڑی کھیپ ٹرک کے ذریعے افغانستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی تھی۔کارروائی میں اسلحہ سمگلر افغان شہری کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔تازہ کارروائی میں زیر حراست سمگلرز کے خلاف تھانہ جرما میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔زیر حراست اسلحہ سمگلرز نے ابتدائی پوچھ گچھ میں اعتراف جرم کرلیاہے جبکہ مزید تفتیش کیلئے ملزمان کو تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیاگیا ہے۔