کراچی:ایس آئی یو ٹی میں روبوٹک سرجری پر سیمینار کا انعقاد

کراچی:ایس آئی یو ٹی میں روبوٹک سرجری پر سیمینار کا انعقاد

  

 کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن(ایس آئی یو ٹی)میں ہفتہ کو ڈاؤیونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز  پاکستان کے اشتراک سے ترقی پذیر مملک میں روبوٹک سرجری کے کردارکے موضوع پر ایک ویبنار کا انعقاد کیا گیا۔ جو انٹرنیٹ ویب سائٹ کے ذریعے نشر کیا گیا۔اس موقع پر ماہرین نے شرکا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرجری کے حوالے سے مستقبل  روبوٹک سرجری کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روبوٹک سرجری فوائد کے اعتبار سے سرجری کے میدان میں ایک اہم مقام حاصل کر لے گی کیونکہ اس سرجری کے ذریعے مریض کو نمایاں طور پر درد میں کمی، خون کا کم ضیاع، انفیکشن کا  خطرہ  بہت کم ہو جاتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ہسپتال سے جلد چھٹی  مل جاتی ہے۔واضح رہے کہ ایس آئی یو ٹی ملک کا ایک ممتازادارہ ہے جہاں جدید طبی تعلیم و تربیت کو ہمیشہ فوقیت حاصل رہی ہے ،اسی لئے یہاں گزشتہ کئی دہائیوں سے طب کی جدید تعلیم اور عملی تربیت کے پروگرامز کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے۔ جس میں شرکاء کو ملکی و غیر ملکی مایہ ناز ماہرین  سے تربیت حاصل کرنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔ حالیہ سیمیناربھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں شرکا کو بالکل مفت رجسٹریشن فراہم کی گئی اورجدید ترین سرجری سے متعلق لیکچرز، پینل میں موجود ماہرین کی مشاورت ، اور روبوٹک کی مدد سے سرجری شامل تھی۔ ویبنار میں جنرل سرجن، یورولوجسٹ، اور ماہرامراض نسواں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے اس جدید دور میں یہ ویبنار بے حد مددگارثابت ہواجس میں انہیں روبوٹک سرجری کی تکنیکی مہارت سے روشناس ہونے کا موقع ملا۔

مزید :

صفحہ آخر -