امیر کاروباری افراد کو ہنی ٹریپ میں پھنسا کر پیسے بٹورنے والے 3 ملزم پکڑے گئے، ان کی تعلیمی قابلیت جان کر آپ بھی سر پکڑ کر بیٹھ جائیں گے
نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے وفاقی دارالحکومت نئی دلی کی پولیس نے ایک ایسے گروہ کے تین ارکان کو گرفتار کیا ہے جو کاروباری افراد کو ان کی فحش ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرتے تھے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق پولیس نے تین افراد راج کشور سنگھ (سافٹ ویئر انجینئر) اور آرین ڈکشٹ (ایم بی اے) سمیت ایک خاتون (سافٹ ویئر انجینئر) کو بھی گرفتار کیا ہے۔ یہ کاروباری افراد کو ہنی ٹریپ میں پھنسا کر بلیک میل کرتے اور ان سے پیسے وصول کرتے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گروہ کا ماسٹر مائنڈ راج کشور ایک سافٹ ویئر انجینئر ہے جو 2012 میں دلی آیا تھا۔ حکام نے یہ ایکشن اس درخواست پر لیا جس میں درخواست گزار نے کہا تھا کہ اسے گزشتہ کچھ روز سے نامعلوم نمبر سے کالز آ رہی ہیں اور ایک کروڑ روپے مانگے جا رہے ہیں، ملزمان نے دھمکی دی ہے کہ رقم نہ ملنے کی صورت میں اس کی غیر اخلاقی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی جائیں گی۔
کرائم برانچ حکام کا کہنا ہے کہ راج کشور کا لائف سٹائل بہت زیادہ مہنگا تھا۔ اس نے اپنے اخراجات پورے کرنے کیلئے گڑگام میں ایک سپا کھولا جہاں وہ لڑکیوں کے ذریعے امیر لوگوں کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر بنا کر انہیں بلیک میل کرتا اور رقم وصول کرتا تھا۔